بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے عبرتناک شکست
ویلنگٹن(سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ نے ٹم سائوتھی کی عمدہ بائولنگ کے باعث بھارت کو ویلنگٹن ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، کیویز بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث بھارتی ٹیم چوتھے روز دوسری اننگز میں191 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 9 رنز کا ہدف دیا جو کیوی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا، ٹم سائوتھی نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں9 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے پہلی اننگز میں چار دوسری میں پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس عمدہ کارکردگی پر انکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، بھارت کی طرف سے دوسری اننگز میں میانک اگروال نے 58 رنز بنائے، میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہوگیا۔ پیر کو بھارت نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 144 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو اجنکیا راہانے 25 اور ہنوما وہاڑی 15 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، کیویز بائورلز نے عمدہ بائولنگ کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے چوتھے روز بھی بھارتی بلے بازوں کو پریشان کئے رکھا، اجنکیا راہانے اپنے گزشتہ روز کے انفرادی سکور میں چار رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 29 رنز بناکر ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، انکے بعد ہنوما وہاڑی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور 15 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند کا نشانہ بنے، روی چندرن ایشون 4 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، ایشانت شرما 12 رنز بناکر کولن ڈی گرینڈہوم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے، ریشبھ پنت 25 رنز بناکر ٹم سائوتھی کی گیند پر ٹرینٹ بولٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے، جسپریت بمرا آخری آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو بغیر کوئی رن بنائے ٹم سائوتھی کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ محمد شامی 2 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے دوسری اننگز میں ٹم سائوتھی نے 5، ٹرینٹ بولٹ نے 4 جبکہ کولن ڈی گرینڈ ہوم نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ یوں بھارتی ٹیم کیویز بائولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پہلی کی طرح دوسری اننگز میں بھی کوئی عمدہ کارکردگی نہ دکھا سکی۔ مہمان ٹیم دوسری اننگز میں 191 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے میزبان ٹیم کو میچ مین کامیابی کے لئے 9 رنز کا ہدف دیا جو بعد میں نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر بغیر کسی نقصان کے حاصل کر کے بھارت میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔ ٹم سائوتھی کو شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیوزی لینڈ اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 29 فروری کو کرائسٹ چرچ میں شروع ہوگا۔ کیوی ٹیم کو بھارت کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل بھارتی ٹیم نے میزبان کیویز ٹیم کو پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا اس کے بعد کیویز نے تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو کلین سویپ کر دیا تھا۔