• news

جونیئر ٹینس چیمپئن شپ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے:ارشد اولکھ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے کہا ہے کہ سروایڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آ ئی ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے لئے اہم اقدامات کررہا ہے،جلد سکول ٹینس چیمپئن شپ منعقد کرارہے ہیں، ٹینس اکیڈمی کے لئے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن سے ایم او یو پر بھی دستخط کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز باغ جناح میں سروایڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ڈی جی سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ فائنل کے مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رشید ملک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئیس الرحمان و دیگر بھی موجود تھے، باغ جناع پہنچنے پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ کا پرتپاک استقبال کیا گیا، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے مزید کہا ہے کہ ٹینس کے کھیل میں ہمارے ہاں بہت ٹیلنٹ ہے، ہمارے کھلاڑی عالمی مقابلوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں، ٹینس کے فروغ کے لئے پنجاب لان ٹینس ایسوسی ایشن سے مکمل تعاون کررہے ہیں، نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے جلد سکولز ٹینس چیمپئن شپ بھی منعقد کرائیں گے اور اس کے ساتھ ہی گراس روٹ لیول پر چیمپئن شپ بھی منعقد کرانے کا پروگرام ہے تاکہ پسماندہ علاقوں میں چھپا ہوا ٹیلنٹ سامنے لایا جاسکے، ٹینس اکیڈمی کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب اور پنجاب لائن ٹینس ایسوسی ایشن ایم او یو پر دستخط کر یںگئے، جس سے ٹینس کو فروغ ملے گا، ہم نرسریز کو ترقی دے رہے ہیں تاکہ نئے کھلاڑیوںکو اچھی سہولتیں ملیں اور وہ اپنی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کرسکیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشد اولکھ نے سروایڈ پنجاب جونیئر ٹینس چیمپئن شپ میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے اور کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کے ساتھ گروپ فوٹوز بھی بنوائے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن