• news

پی ایس ایل کے 7میچز کے کامیاب انعقاد‘ عوامی پذیرائی پر بورڈ کا اظہار تشکر

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ پانچویں ایڈیشن کے ابتدائی 7 میچوں کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز کا رخ کرنے پر شائقین کرکٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ان کا مشکور ہے۔ایونٹ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے جہاں بہت سے مثبت پہلو سامنے آئے وہی کچھ مواقع پر بہتری کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ مگر یہ سب ہرگز غیر متوقع نہیں کیونکہ پاکستان کی تاریخ میں یہ سب سے بڑا کرکٹ ایونٹ اور ایشیا کپ 2008 کے بعد پہلا بڑا ایونٹ تھا۔اس سے قبل ایونٹ کے میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جاتے تھے جہاں آپریشنل اور لاجسٹک معاملات کے دوران مشکلات کا اندیشہ کم رہتا تھا۔کسی بھی افتتاحی تقریب کے اہتمام کے دوران چند چیلنجز درپیش ہوتے ہیں۔ اس دوران جہاں کچھ مداحوں نے افتتاحی تقریب میں شامل چند عناصر کو نامنظور کیا تو وہی ایک بڑی تعداد نے تقریب کو سراہا ہے۔ایک ذمہ دارانہ ادارے کی حیثیت سے پاکستان کرکٹ بورڈ مستقبل میں اپنی خامیوں سے سیکھنے کے عمل پر یقین رکھتا ہے۔ جہاں تک لوگوں کی شہریت کا معاملہ ہے تو پی سی بی واضح کرنا چاہتا ہے کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ممالک، خطوں اور ثقافت سے تعلق رکھنے والے افراد کام کر رہے ہیں۔ ہمیں یہ بھی ذہن نشین رکھنا چاہیے کہ اعلیٰ ٹیکنالوجی کی براڈکاسٹ کے لیے مقامی ذرائع دستیاب نہیں ہیں اور اس حوالے سے پی سی بی نے ٹاور سپورٹس اور سپورٹس ورکس کی مشترکہ شراکت داری سے معاہدہ کررکھا ہے۔ پی سی بی ایچ بی ایل پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام مداحوں سے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کی درخواست کرتا ہے۔ پی سی بی پر عزم ہے کہ وہ مستقبل میں آئی سی سی کے ایونٹ پاکستان میں کروانے کے لیے تیار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن