آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تازہ رینکنگ جاری‘پاکستان کی چوتھی پوزیشن
دبئی (اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تازہ ترین آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ رینکنگ جاری کر دی ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ناقابل شکست ٹیم بھارت کو دو میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شکست دیکر ایک درجہ ترقی حاصل کرلی اور یوں کیوی ٹیم ایک درجہ ترقی کے بعد چھٹے سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ بھارتی ٹیم بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم دوسری اور انگلینڈ کی ٹیم تیسری پوزیشن پر برقرار ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے پروٹیز سے دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے بعد تین درجے ترقی پائی تھی اور پاکستان سے تیسری پوزیشن چھین لی تھی، نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت کی ٹیم مسلسل عمدہ کارکردگی اور مسلسل کے سلسلے کو توڑ دیا ہے۔ بھارتی ٹیم سات ٹیسٹ میچز میں کامیابی کی بدولت پہلے نمبر پر براجمان ہے۔ بھارت نے گزشتہ سال اگست اور ستمبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا۔ اکتوبر میں جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کو دو ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں شکست دیکر مسلسل سات فتوحات حاصل کی تھیں تاہم رواں ماہ میں اس کو کیویز کے ہاتھوں دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 10 وکٹوں کی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور یوں بھارتی ٹیم کی مسلسل فتوحات کے تسلسل کو بھی کیوی ٹیم نے توڑ دیا ہے تاہم اس کے باوجود بھی بھارت کی ٹیم آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 360 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔