مشن ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ:قومی ویمنز ٹیم کل ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلے گی
کینبرا (سپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام آسٹریلیا میں جاری ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں آج کو کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا، آرام کا دن ہے۔ میگا ایونٹ میںکل دو میچوں کا فیصلہ ہوگا، پہلا میچ گروپ بی میں شامل تھائی لینڈ اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان کینبرا کے مقام پر کھیلا جائے گا۔ دوسرا میچ بھی گروپ بی میں شامل پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیموں کے درمیان کینبرا کے مقام پر ہی کھیلا جائے گا۔ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز 26 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی، ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ آسٹریلیا میں جاری ہے، گرین شرٹس کو گروپ بی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور تھائی لینڈ کے ساتھ شامل کیا گیا ہے ۔ بسمہ معروف کی قیادت میں قومی ویمن ٹیم 26 فروری کو اپنے پہلے گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ویسٹ انڈیز ویمن اپنے پہلے گروپ میچ میں تھائی لینڈ کو شکست دے چکی ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 28 فروری کو انگلینڈ، تیسرا میچ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ جبکہ چوتھا اور آخری گروپ میچ 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔