اولمپک گیمز شیڈول کے مطابق ہوں گے: جاپان
ٹوکیو (سپورٹس ڈیسک) جاپان کی حکومت کے ترجمان اور چیف کابینہ سیکریٹری یوشی حیدے سوگا نے کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپک گیمز اور پیرا اولمپک گیمز شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔انہوں نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم بین الاقوامی اولمپک کمیٹی، ٹوکیو اولمپک کمیٹی اور ٹوکیو شہر کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر تیاری کریں گے تاکہ دونوں اولمپک گیمز کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کوروناوائرس کے پیش نظر ٹوکیو کو اولمپک گیمز اور پیرا اولمپک گیمز کی تیاری کے دوران کچھ مشکلات کا سامنا ضرور کرنا پڑا ہے تاہم جاپان کے مختلف شعبے اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ اولمپک گیمز کے شیڈول کو تبدیل نہ کیا جائے۔ مارچ سے ٹوکیو میں اولمپک گیمز اور پیرا اولمپک گیمز کیلئے 18 آزمائشی مقابلے منعقد ہوں گے۔ ٹوکیو اولمپک کمیٹی کے ترجمان ماسا تاکایا نے ایک دن قبل کہا تھاکہ ان مقابلوں کو "یقینی طور پر" ملتوی یا منسوخ نہیں کیا جائے گا۔ ٹوکیو اولمپک کمیٹی کو درپیش اگلا چیلنج 26 مارچ کو منعقد ہونے والی مشعل ریلی ہے۔