• news

حکومت سندھ کا نئی گج ڈیم کی تعمیر میں کرپشن کا اعتراف، کیا وزیراعلیٰ کارروائی کی اجازت دینگے: چیف جسٹس

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس پاکستان کا کہنا ہے کینجھر جھیل پاکستان کی سب سے بڑی جھیل سندھ میں ہے، سب سے بڑا ذخیرہ سندھ میں ہونے کے باوجود سندھ والے پانی کو ترس رہے ہیں۔ عدالت نے چاروں صوبوں سے واٹر کمیشن رپورٹ پر پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ سپریم کورٹ میں واٹر کانفرنس سفارشات عملدرآمد کیس کی سماعت چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے سندھ حکومت کی جانب سے پیشرفت رپورٹ جمع نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا سندھ ہر کام میں سب سے پیچھے کیوں ہوتا ہے؟ سندھ کے وکیل نے کہا ڈپٹی سیکرٹری آبپاشی رپورٹ ساتھ لیکر آئے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا ڈپٹی سیکرٹری صاحب رپورٹ لیکر گھومتے رہیں ہمیں کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری آبپاشی نے عدالت کو بتا یا کہ سندھ میں 64چھوٹے ڈیمز تعمیر کیے، جس پر چیف جسٹس نے کہا نئی گاج ڈیم بنانے سے سندھ حکومت کو کون روک رہا ہے؟۔ جسٹس اعجا زالاحسن نے کہا نئی گاج کیلئے جاری وفاق کے چھ ارب روپے بھی خردبرد ہوگئے، ڈپٹی سیکرٹری آبپاشی نے عدالت کو بتایا کہ اینٹی کرپشن نے 17 افراد کیخلاف کارروائی کیلئے اجازت مانگی ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہاکیا وزیراعلی سندھ اینٹی کرپشن کو کارروائی کی اجازت دینگے؟ ڈپٹی سیکرٹری آبپاشی نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری بھی وزیراعلی کے حکم پر ہی شروع ہوئی تھی۔ چیف جسٹس نے کہا کینجھر جھیل پاکستان کی سب سے بڑی جھیل سندھ میں ہے، سب سے بڑا ذخیرہ سندھ میں ہونے کے باوجود سندھ والے پانی کو ترس رہے۔ سارے جہان کا گندا پانی کینجھر جھیل میں جا رہا، ہمارے ملک میں فصل کاشت کرنے کا کوئی نظام نہیں، ایسی فصلیں لگائی جانی چاہئیں جو پانی کم پیتی ہوں۔ عدالت نے تمام صوبوں سے رپورٹ طلب کرتے ہوے سماعت ایک ماہ تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن