پاکستان آنے والوں کیلئے ہیلتھ سرٹیفکیٹ لازمی، ایرانی وزیر صحت کرونا وائرس کا شکار
تہران /جنیوا /بیجنگ (این این آئی+صباح نیو+ نیٹ نیوز) چین میں کرونا وائرس سے مزید 71 افراد جان سے گئے، مرنے والوں کی تعداد 2663 ہو گئی، بارہ ہلاکتوں کے بعد ایران میں بھی خوف کے سائے برقرار ہیں، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ کرونا عالمی وبا بن سکتا ہے جس کے لیے دنیا کو تیار رہنا چاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھرمیں کرونا کی بڑھتی وبا سے چین میں مزید 71 افراد ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں کی تعداد 2663 ہو گئی۔ نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق 508 نئے مریض سامنے آئے۔ ہبئی صوبے میں لاکھوں افراد لاک ڈاؤن ہیں۔ ادھر دنیا کے تیس ممالک کرونا کی زد میں آ چکے ہیں۔ جنوبی کوریا کے مزید 60 شہریوں میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ جنوبی کوریا میں کرونا سے آٹھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جاپان میں کرونا سے ہلاک افراد کی تعداد 4 ہو گئی۔ اٹلی میں کرونا سے 7 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کویت، اومان، بحرین، عراق، افغانستان میں کرونا کے مریض سامنے آ گئے۔ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پاک ایران بارڈر تیسرے روز بھی مکمل طور پر بند رہا، تفتان بارڈر پر طبی عملے کی جانب سے سکریننگ کا عمل جاری۔ ایران نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کیلئے عارضی طور پر بند ہوئی ہیں۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے کورونا وائرس کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ جب ایران میں کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی تو ایران کے ہمسایہ ممالک میں کورونا وائرس سے متعلق تشویش پائی گئی تاہم یہ مسئلہ تعلقات عامہ اوردرآمدات اور برآمدات میں رکاوٹ کا باعث نہیں ہونا چاہئے۔ ایرانی نائب وزیر صحت ایرج حدیرچی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرج حدیدچی نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کر دی۔ ایران میں کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پاک ایران بارڈر تیسرے روز بھی مکمل طور پر بند ہے، تفتان بارڈر پر طبی عملے کی جانب سے سکریننگ کا عمل جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارڈر پر پھنسے زائرین کے لئے عارضی رہائش گاہ قائم کی گئی ہے جہاں بستر، کمبل، ماسک اور کھانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر ظفر مرزا نے دنیا کامران خان کے ساتھ گفتگو میں کہا ایران میں کرونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر تفتان زاہدان بارڈر پر زائرین کی آمدورفت بڑا چیلنج ہے۔ ادھر ملک بھرکے ایئرپورٹس پر کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات مزید سخت کر دیئے گئے۔ پاکستان داخل ہونے کے لیے ہیلتھ ڈکلیریشن فارم پر کرنا لازمی قرار دے دیا گیا۔ ڈکلیریشن فارم جمع نہ کرانے پر ائیرلائنز کے خلاف کارروائی ہوگی۔ کرونا وائرس کا معاملہ طوالت اختیار کرنے پر پاکستان نے حکمت عملی تیار کر لی۔ چین سے خام مال کی سپلائی رکنے پر متبادل آپشن پر کام شروع کر دیا گیا۔ حکام وزارت تجارت ذرائع کے مطابق خام مال پر تھائی لینڈ سمیت متعدد ممالک متبادل آپشن ہیں۔ کرونا وائرس کے پیش نظر پاکستان ایران سرحد کی بندش کے باعث تفتان میں 3 روز سے پھنسے ایرانی ٹرانسپورٹر اور ڈرائیورو ں کو ایران جانے کی اجازت دے دی گئی۔ اٹلی میں کرونا وائرس کے خوف کے باعث بالی ووڈ سپر سٹار ٹام کروز کی فلم ’’مشن امپاسبل 7‘‘ کی شوٹنگ منسوخ کر دی گئی۔ایران میں کرونا وائرس پھیلنے کے بعد پاکستان ایران سرحد سیل ہونے کے باعث کوئٹہ سے زاہدان چلنے والی ٹرین سروس معطل کر دی گئی۔ جس میں زیادہ تر سیمنٹ ‘ سکریپ‘ کھجور‘ ٹائلز اور ڈامر لایا جاتا ہے۔ ایران میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد صوبے کے 7مزید اضلاع کو حساس قرار دیا جا رہا ہے‘ اس سے قبل چین میں کرونا وائرس کے بعد صوبے کے پانچ اضلاع کو حساس ترین قرار دیا گیا تھا۔ پاکستان کے ایران کے ساتھ اپنی سرحد کو غیر معینہ مدت تک کیلئے بند کرنے کے فیصلے کے بعد ملک میں ایران سے آنے والی روزمرہ اشیاء اور تیل کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ سرحدی شہر تفتان کا بارڈر امیگریشن اور باضابطہ تجارت کے علاوہ ہفتے میں تین روز تجارت کے لئے کھولا جاتا ہے۔ دریں اثناء عراق میں کرونا وائرس کے باعث ملین مارچ منسوخ کر دیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق ملین مارچ کی کال مذہبی رہنما مقتدی الصدر نے دی تھی۔ بھارت میں یونیورسٹی کے طالب علموں نے چین کے ساتھ نوول کرونا وائرس کیخلاف اظہار یکجہتی کرتے ہوئے تقریب کا انعقاد کیا۔ سٹیج سے ایک نوجوان لیڈر ہمادریش سوان نے جب یہ نعرہ لگایا کہ "چین مضبوط رہو" تو طلبا نے یک زبان ہوکر جواب دیا" ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ چین کمزور نظام صحت کے حامل ممالک کی وبائی امراض سے بچائو اورکنٹرول کرنیکی صلاحیت کو مضبوط کرنے کے لئے اپنی صلاحیت کے مطابق مدد کرے گا۔