• news

محکمہ صحت کے ٹیسٹ مشکوک، پنجاب حکومت شریف خاندان سے ملی بھگت کی انکوائری کرائے: فواد چودھری

اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آخر نواز شریف کی رپورٹس برطانیہ سے کیوں نہیں بھجوائی جا رہیں؟، اگر محکمہ صحت نے شریف خاندان سے ملی بھگت کی ہے تو اس پر انکوائری بٹھائی جانی چاہیے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ نواز شریف کی طبی رپورٹس برطانیہ سے کیوں نہیں بھجوائی جا رہیں۔ اس کی وجہ بظاہر برطانیہ میں ٹیسٹ کا پاکستان میں ہونے والے ٹیسٹ سے الگ ہونا ہے۔ لگتا ہے برطانوی ڈاکٹر نواز شریف کو شدید بیمار قرار دینے سے ہچکچا رہے ہیں۔ ایک مطلب یہ ہے کہ پنجاب حکومت نے جو ٹیسٹ کرائے وہ مشکوک تھے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان حالات میں پنجاب حکومت کو ایک انکوائری بٹھانی چاہیے، جو محکمہ صحت، لیب اور ڈاکٹروں کی شریف خاندان سے ملی بھگت کا جائزہ لے، اور عوام کے سامنے مکمل حقائق رکھے۔

ای پیپر-دی نیشن