شیخ رشید کی چینی سفیر سے ملاقات‘ جاری منصوبوں پر کام تیز کرنے پر اتفاق
اسلام آباد( آئی این پی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چینی سفیر باؤ جنگ نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے کرونا وائرس سے ہلاکتوں پر اظہار افسوس کیا۔ منگل کو وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے پاکستان میں تعینات چین کے سفیر باؤ جنگ نے ملاقا ت کی جس میں پاکستان اور چین کے درمیان جاری ریلوے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا اور جاری منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے ووہان میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں پر چینی سفیر سے اظہار ہمدردی کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی حکومت چین کے ساتھ ہے اور ایم ایل ون منصوبہ رواں مالی سال شروع ہو جائے گا۔