اسماعیل حماس کے وفد کے ہمراہ آئندہ ہفتے روس کا دورہ کرینگے
غزہ(صباح نیوز)اسلامی تحریک مزاحمت’’ حماس‘‘کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ بیرون ملک دورے کے دوران آئندہ ہفتے جماعت کے اعلی اختیاراتی وفد کے ہمراہ روس کا دورہ کریں گے جہاں وہ روسی قیادت کے ساتھ ملاقات کریں گے۔حماس کے ایک ذمہ دار ذریعے نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کا ایک وفد آئندہ ہفتے ماسکو جائے گا۔ حماس کی قیادت کی ملاقات روسی وزیرخارجہ سیرگئی لافروف اور دیگر رہ نمائوں کے ساتھ ہوگی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مشرق وسطیٰ کے سنچری ڈیل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔چند روز قبل حماس کے نائب صدر صالح العاروری نے بتایا تھا کہ چند روز میں اسماعیل ھنیہ روس کا دورہ کریں گے۔العاروری نے ایک بیان میں کہا کہ اسماعیل ھنیہ کا بیرون ملک دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ دورے قابض صہیونی ریاست کے فلسطینی قوم کے خلاف جرائم کو بے نقاب کرنے اور فلسطینی قوم کے وسیع تر مفاد میں ہو رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ھنیہ بیرون ملک دورے کے دوران عرب اور مسلمان ممالک کے علاوہ فلسطینی قوم کے حقوق کی حمایت کرنے والے ممالک کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کررہے ہیں۔