غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کیخلاف آپریشن جوہر ٹائون میں 4 سیل
لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب ریونیو اتھارٹی نے غیر رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کے خلاف آپریشن شروع کر دیا، جوہر ٹائون میں واقع چار ریسٹورنٹس سیل کر دئیے گئے۔ پی آر اے کے ذرائع کے مطابق مذکورہ ریسٹورنٹس گزشتہ ایک سال سے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کرا کے ادائیگی نہیں کر رہے تھے۔ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ نوٹسز کا اجراء کیا گیا ادائیگی نہ کرنے پر کمشنر انفورسمنٹ پی آر اے کی سربراہی میں ٹیم نے جوہر ٹائون میں چار ریسٹورنٹس پر چھاپہ مار کر تمام ریکارڈ قبضے میں لے کر انہیں جبری رجسٹرڈ کر کے سیل کر دیا گیا۔ ترجمان پی آر اے کے مطابق ریکارڈ کی چھان بین کے بعد ٹیکس کی وصولی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ پی آر اے آئندہ ہفتے مزید ریسٹورنٹس کے خلاف کارروائی کی منصوبہ بندی کر چکا ہے۔