غزہ: اسلامی جہاد نے جنگ بندی کا اعلان کردیا
مقبوضہ غزہ+برلن+مقبوضہ بیت المقدس (این این آئی+اے پی پی+ آن لائن ) غزہ پٹی کے علاقے میں سرگرم فلسطینی جہادی تنظیم اسلامی جہاد نے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ اطلاع ہے کہ اس جنگ بندی پر عمل شروع ہو چکا ہے۔ یہ جنگ بندی مصر اور دیگر بین الاقوامی قوتوں کی ثالثی کے نتیجے میں عمل میں آئی۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اس فیصلے پر عمل درآمد شروع ہونے کے بعد سے اب تک غزہ پٹی سے اسرائیل کی طرف مزید کوئی راکٹ فائر نہیں کیا گیا۔ادھر جرمنی نے اسرائیل کو مشرقی القدس میں اپنی رہائشی کالونیوں کو وسعت دینے کے فیصلے سے باز آنے کی اپیل کی ہے۔ جرمن دفتر ِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تحریری اعلامیہ میںواضح کیا گیا ہے کہ جرمن حکومت اسرائیل کی جانب سے زیرِ قبضہ مشرقی القدس میں یہودی بستیوں میں مزید نئے مکانات کی تعمیر کے اعلان پر خدشات محسوس کرتی ہے۔ ترک نشریاتی ادارے کے مطابق اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ نئی کالونیاں مقبوضہ مشرقی القدس کو دریائے اْردن کے مغربی کنارے سے جدا کردیں گی ۔علاوہ ازیںاسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے غرب اردن میں قائم 12 کالونیوں کو مقامی بجلی لائن کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے ایک درجن یہودی کالونیوں کو غرب اردن میں بنائی گئی بجلی لائن کے ساتھ جوڑ دیا ہے۔غرب اردن کی مزید یہودی کالونیوں کو جلد ہی مقامی بجلی کمپنی کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔