ایرانی سرحد بندش سے ایل پی جی 50 روپے کلو مہنگی، درآمد کنندگان کو خام مال کیلئے مشکلات
اسلام آباد (این این آئی/ آن لائن) کرونا وائرس کے باعث ایرانی سرحد بند ہونے کے اثرات، ملک بھر میں ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی کلو تک اضافہ کر دیا گیا۔ ملک میں ایل پی جی کی قیمت 200 روپے فی کلو سے تجاوز کر گئی۔ گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 500، کمرشل سلنڈر 2 ہزار روپے تک مہنگا ہو گیا۔ ایل پی جی کی قیمت میں اضافے کی وجہ ایران سے فراہمی بند ہونا ہے۔ ایران سے یومیہ 1 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کی جا رہی تھی، سرحد کی بندش سے درجنوں ایل پی جی کنٹینرز پاک ایران سرحد پر پھنس گئے۔ سرحد بندش سے پاکستان میں ایل پی جی بحران شدت اختیار کرنے کا خدشہ ہے۔ دریں اثناء کورونا وائرس کی وجہ سے درآمدکنندگان کو خام مال کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، کاروباری افراد و صنعتکار کورونا وائرس کے خدشات کے سبب درآمد کے لیے تازہ آرڈر نہیں دے رہے۔ رپورٹ کے مطابق اس سے چینی بندرگاہوں پر اشیا کی کلیئرنس متاثر ہوئی ہے جبکہ مقامی بندرگاہوں پر کسی قسم کا مسئلہ سامنے نہیں آیا۔ صنعتکار چین سے خام مال کی ترسیل میں تاخیر یا معطلی کے پیش نظر دیگر ممالک سے نئے خام مال حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ غیر ملکی خریداروں نے بھی مقامی برآمد کاروں کو خام مال کے دیگر ذرائع کی نشاندہی شروع کردی ہے۔