کوٹ لکھپ : زیر تعمیر مدرسہ کی دیوار گر گئی، 3 مزدور جاں بحق 5زخمی
لاہور (نامہ نگار) کوٹ لکھپت کے علاقے میں زیر تعمیر مدرسے کی دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر 3مزدور ہلاک جبکہ5 زخمی ہو گئے۔ اطلاع پر پولیس وریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کرزخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جبکہ لاشیں ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء حوالے کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت کے علاقے رکھ چندرائے روڈ پر مدرسے میں تعمیراتی کام جاری تھا۔ کھدائی کے دوران اچانک ایک دیوار زمین بوس ہو گئی۔ جس کے باعث 8افراد ملبے تلے دب گئے۔ موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد اکٹھی ہو گئی جبکہ اطلاع ملنے پر پولیس، ریسکیو1122 اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ جنہوں نے ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے جبکہ پانچ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 50سالہ کریم بخش، 50سالہ ارشاد اور 23سالہ ندیم کے نام سے ہوئی زخمیوں میں خضر،عمران، محسن، زاہد اور خالد شامل ہیں۔ نعشیں گھروں میں پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔