• news

وزیراعظم کو بتا دیا تھا جسٹس فائز عیسیٰ کیس بہت بڑا‘ میں نہیں لڑوں گا: اٹارنی جنرل خالد جاوید

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا ہے کہ اپنے کام میں کسی کی مداخلت برداشت نہیں۔ حقائق پر متعلقہ اداروں کے علاوہ کسی سے ہدایت نہیں لیں گے۔ سپریم کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کا کہنا تھا جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔ وزیراعظم کو تعیناتی سے قبل بتا دیا تھا ریفرنس بہت بڑا کیس ہے۔ میں یہ مقدمہ نہیں لڑوں گا۔ میری کسی سیاسی جماعت سے کوئی وابستگی نہیں۔ اٹارنی جنرل آفس ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے تیار ہے۔ اٹارنی جنرل آفس خودمختار ادارہ ہے۔ خالد جاوید خان نے مزید کہا ریکوڈک کیس حکومت اور وزیراعظم کی ترجیحات میں شامل ہے۔ سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس دیکھنے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کا قانونی نمائندہ ہوں۔ اللہ نے میری بساط سے زیادہ امتحان میں ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہماری غلطیوں کی تصحیح کرے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے مجھے مکمل آزادی دی ہے اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ ان کے والد این ڈی خان کی سیاسی وابستگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سیاسی وابستگی میرے والد صاحب کی تھی۔ بھٹو یا مشرف کا کیس میرے سامنے آیا تو پوری دیانت کے ساتھ اس کو ہینڈل کروں گا۔

ای پیپر-دی نیشن