سفاری زو میں شیروں نے نوجوان پھاڑ کھایا، اہلخانہ سراپا احتجاج
لاہور‘ رائے ونڈ (سپورٹس رپورٹر‘ نامہ نگار) لاہور سفاری زو میں شیروں نے 18 سالہ نوجوان کو پھاڑ کھایا۔ محکمہ وائلڈ لائف نے انکوائری کمیٹی بنا کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سفاری زو کے ملحقہ گائوں کا نوجوان بلال گذشتہ دو روز سے لا پتہ تھا۔ جس کی تلاش کی گئی تو اس کے کپڑے اور باقیات لائن سفاری میں پائے گئے۔ ڈائریکٹر سفاری زو لاہور شفقت علی نے بتایا کہ کمیٹی تمام واقعہ کی تحقیقات کرے گی۔ایس ایچ او تھانہ سٹی رائے ونڈ سید ثقلین شاہ کے مطابق نوجوان پر شیروں کے مبینہ حملے کا واقعہ دو روز پرانا ہے۔ اس کا چچا منیر سفاری پارک میں ملازم ہے، بلال جنگلا پھلانگ کر گھاس کاٹنے پارک میں آیا تھا، جائے وقوعہ سے کٹی ہوئی گھاس، درانتی اور انسانی باقیات ملی ہیں۔ نوجوان کے والد محمد شریف نے پارک انتظامیہ کے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے بیٹے کی نعش حوالے کرنے کا مطالبہ کیا مگر اس کے برعکس نوجوان کی والدہ انور بی بی اور خاندان بھر کے افراد نے واقعہ کو سفاری پارک انتظامیہ کی غفلت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے لاہور رائے ونڈ روڈ بلاک کردیا اور شدید احتجاجی مظاہرہ کرتے رہے۔ والدہ انور بی بی نے کہا کہ اس کا شوہر نشہ کرتا ہے۔ دبائو ڈال کر تحریری بیان لیا گیا ہے مگر وہ اپنے بیٹے کے قاتلوں کو معاف نہیں کرے گی۔ تحقیقات کی جائے اور نعش کا پوسٹ مارٹم کروایا جائے۔ نوجوان کی باقیات اکٹھی کر کے لیجا چکی ہیں‘ متوفی غریب گھر کا واحد کفیل تھا۔