اقوام متحدہ اور عالمی فورمز مودی اور آر ایس ایس کے غنڈوں کو روکیں: گورنر
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر ہاؤس لاہور میں صدر آزاد کشمیر مسعود احمد خان نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی جس میں بھارتی مسلمانوں پر مظالم اور مسئلہ کشمیر سمیت دیگر امور کے بارے میں گفتگو کی۔ ملاقات کے موقع پر گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں پر نریندر مودی کے مظالم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے دلی میں نریندر مودی کی حکومت اور آر ایس ایس کے غنڈے ملکر مسلمانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس سے بڑی کوئی اور دہشتگردی اور انتہاپسندی نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ چکا ہے اقوام متحدہ او آئی سی اور عرب لیگ سمیت عالمی فورم خاموشی اختیار کرنے کی بجائے بھارت کی دہشت گردی کا فوری نوٹس لیں اور نریندر مودی اور آر ایس ایس کے غنڈوں کو روکا جائے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ 22 کروڑ پاکستانی اپنے بھارتی مسلمان بھائیوں اور کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ بھارت بندوق کے ذریعے بھارتی مسلمانوں اور کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا انہوں نے 205 دن سے جاری کرفیو کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہم بڑی سے بڑی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔