• news

لاہور: 6 ڈاکے‘ کامونکے میں 8 گھروں کا صفایا‘ مزاحمت پر ریٹائرڈ صوبیدار قتل

لاہور‘ کامونکے (نامہ نگاران) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہرکے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ جبکہ کامونکے میں 2 گھنٹے کے دوران ڈاکوؤں نے 8 گھر لوٹ لئے۔ مزاحمت پر فائرنگ سے ریٹائرڈ صوبیدار کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گرین ٹاؤن میں ٹرانسپورٹر اختر علی کے گھر سے 45لاکھ روپے مالیت کی نقدی‘ پرائز بانڈ اور طلائی زیورات چوری ہوگئے۔ اختر علی شادی کی تقریب میں سانگلہ ہل گئے ہوئے تھے‘ کنڈے کاٹ کر واردات کی گئی۔ جبکہ ڈاکوؤں نے ڈیفنس میں شاہد کے اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 5لاکھ روپے مالیت، گرین ٹاؤن میں ناظم کے گھر سے ساڑھے 4لاکھ روپے مالیت، اچھرہ میں وقاص اور فیملی سے 3 لاکھ90 ہزار روپے مالیت، ہربنس پورہ میں شاہ نواز اور اس کی فیملی سے2 لاکھ70ہزار روپے مالیت، ہنجروال میں عثمان اور اس کی فیملی سے ڈھائی لاکھ روپے مالیت، مصری شاہ میں ارسلان اور فیملی سے ایک لاکھ رروپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا گیا۔ اسی طرح راہزنی کی 6وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی و موبائل فون لوٹ لئے گئے۔ چوروں نے ریس کورس اور اسلام پورہ کے علاقوں سے 2گاڑیاں جبکہ نیو انارکلی، کوٹ لکھپت،مصطفی آباد ،کوٹ لکھپت اور کاہنہ کے علاقوں سے5موٹرسائیکلیں چوری کرلیں اور فرار ہو گئے ۔ دوسری جانب کامونکے میں ڈاکوؤں کی غریب آبادیوں فیاض ٹاؤن اور بغداد ٹاؤن میں 2 گھنٹے تک لوٹ مار‘ مزاحمت پر ریٹائرڈ صوبیدار قتل‘ واردات کے دوران گن پوائنٹ پر ہیجڑے کو نچاتے رہے۔ ڈاکو امیر بستیوں کی بجائے نئے آباد ہونے والے علاقہ فیاض ٹاؤن اور بغداد ٹاؤن میں جا گھسے جہاں زیادہ تر دیہاڑی دار مزدور ہیں ایک ہی رات میں ڈاکو باری باری آٹھ گھروں میں داخل ہوئے اور جمع پونجی لوٹ لی۔ اس دوران میاں ارشد محمود جوکہ ریٹائر صوبیدار اور واپڈا ٹاؤن گوجرانوالہ میں سیکورٹی گارڈ تھا کے گھر میں رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب دو ڈاکو گھسے جس پر ارشد محمود نے مزاحمت کی توڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ زخمی تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں مسلح ڈاکوؤں نے محنت کش بابر علی سے 75ہزار روپے نقدی، اشفاق کے گھر سے دو تولہ طلائی زیور، ابرار احمد کے گھر سے 85 ہزار روپے نقدی اور ڈیڑھ تولہ طلائی زیور، سجاد ڈوگر کے گھر سے 35 ہزار روپے نقدی، افضل کے گھر سے 5ہزار روپے اور ہیجڑے امجد سے 80 ہزار روپے نقدی، خالد کے گھر سے 175000 روپے بھی لوٹ لئے۔ ڈاکو ہیجڑے کے گھر میں دوران ڈکیتی امجد سے زبردستی ڈانس بھی کرواتے رہے۔ ڈاکوؤں نے کئی کچے مکانوں کی دیواریں بھی گرا دیں اور تقریباً دو گھنٹے تک لوٹ مار میں مصروف رہے اور بعدازاں تسلی سے فرار ہوگئے۔اطلاع ملنے کے باوجود تھانہ صدر پولیس جائے وقوعہ پر کئی گھنٹے لیٹ پہنچی۔ تھانہ صدر پولیس نے مقتول کی بیوی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن