بھارت پاکستان کو ڈرا کر کشمیریوں کی حمایت سے دستبردار نہیں کرا سکتا: گنڈاپور
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ گذشتہ سال پاک فضائیہ کی لاجواب کاروائی سے نہ صرف پوری قوم کا سرفخر سے بلند ہوا بلکہ یہ بات بھی ایک بار پھر ثابت ہو گئی کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور بھارت اپنی جارحانہ کاروائیوں سے نہ تو پاکستان کو کسی بھی صورت ڈرا سکتا ہے اور نہ ہی اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت سے دستبردار کروا سکتا ہے۔ گذشتہ سال بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کے موثر اور منہ توڑ جواب کے ایک سال مکمل ہونے پر پاک فضائیہ اور افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے کیا وعدہ سچا کر دکھا یا اور اپنے خلاف مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی بہترین دفاعی اور سفارتی حکمت عملی کا ہی نتیجہ ہے کہ آج برطانیہ اور فرانس سمیت دیگر ممالک پاکستان سے متعلق اپنی ٹریول ایڈوائزری میں مثبت تبدیلیاں لارہے ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ دُنیا کے سامنے پاکستان کے روشن تشخص کا اجاگر ہونا اور دوسری جانب بھارت کا دنیا کے سامنے ایک ہندو انتہا پسند فاشسٹ ملک کے طور پر بے نقاب ہونا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔