نعمت اﷲ خان کراچی میں سپرد خاک‘ نماز جنازہ سراج الحق نے پڑھائی
لاہور (خصوصی نامہ نگار )جماعت اسلامی کراچی کے سابق امیر و سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کو ہزاروں اشک بار سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ نیو ایم اے جناح روڈ پر امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی امامت میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنما، اعلیٰ حکومتی شخصیات، سماجی رہنما، سول سوسائٹی کے نمائندے، تمام مکاتب فکر کے علماء کرام ، تاجر و صنعتکار، وکلائ، صحافیوں، ٹریڈ یونینز اور مزدور تنظیموں کے نمائندوں سمیت جماعت اسلامی کے کارکنوں، مرحوم کے عزیز و اقارب اور نعمت اللہ خان سے عقیدت و محبت رکھنے والوں نے ہزاروں کی تعداد میں شر کت کی۔ صوبائی وزرائ‘ ارکان اسمبلی نماز جنازہ میں جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر سید منور حسن سندھ کے گورنر عمران اسماعیل ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ‘ مقبول صدیقی‘ فاروق ستار‘ مصطفی کمال‘اور دیگر نے شرکت کی۔ سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نعمت اﷲ خان بلارنگ و نسل تفریق ہر انسان کے خیر خواہ‘ محسن اور محبت کرنے والے انسان تھے۔ ان کی رحلت پر اہل کراچی نے جس عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔ وہ اس امر کا ثبوت ہے کہ اہل کراچی اور کراچی کی قیادت خدمت اور دیانت کا اعتراف کرنے والے لوگ ہیں۔ یہ اتحاد کا مظہر انشاء اللہ مرحوم کے لئے بھی بارگاہ الہیٰ میں مغفرت اور رحمت کا ذریعہ بنے گا۔