• news

کرپشن سے آہنی ہاتھوں کیساتھ نمٹنا چاہئے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگارخصوصی)ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا۔ درخواست کی سماعت 11مارچ کو ہوگی۔ عدالت نے معاونت کے لیے اٹارنی جنرل کو 11مارچ کو طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کی ملکیت چوہدری شوگر ملز منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھتیجے یوسف عباس کی ضمانت پر رہائی کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بنچ کی طرف سے جاری 22 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں تحریک انصاف کے سبطین خان کی ضمانت پر رہائی کے فیصلے کا حوالہ دیا گیا۔ فیصلہ کے مطابق عدالت چوہدری شوگر ملز میں مریم نواز کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے چکی ہے، تحریری فیصلہ کے مطابق یوسف عباس نے چوہدری شوگر ملز کے اکاؤنٹ سے کوئی رقم نہیں نکلوائی، ملزم یوسف عباس چوہدری شوگر ملز کے اکاؤنٹ میں مختلف اوقات میں رقم جمع کرواتا رہا، یہ حقیقت ہے کہ کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز ہمارے معاشرے میں پھیل چکی ہے، کرپشن کے خاتمے کے لئے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جانا چاہئیے، کسی ملزم کو ضمانت نہ دے کر اسے بطور سزا جیل میں نہیں رکھا جا سکتا، ملزم کی سزا و جزا کا فیصلہ ٹرائل کورٹ نے شواہد کی بنیاد پر کرنا ہے، کسی گنہگار شخص کی غلطی سے ضمانت پر رہائی کا حل تو موجود ہے، لیکن کسی بے گناہ شخص کو جیل میں قید رکھ کر اسکا مداوہ نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن