• news

کشمیریوں کی قربانیاں لازوال، بہت جلد کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا: ایوان کارکنان میں سہ روز کانفرنس

لاہور (نیوز رپورٹر) نظریۂ پاکستان حقیقت میں نظریۂ اسلام ہے جس کی بنیاد پر پاکستان حاصل کیا گیا۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کے بعد اب وہ دن دور نہیں جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ بھارت کے ٹوٹنے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے اور جلد بھارت ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیگا۔ مشاہیر تحریک پاکستان اعلیٰ کردار کے حامل افراد تھے اور ان کے قول وفعل میں کوئی تضاد نہیں تھا۔ ہم پاکستان کو قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی خواہشات کے مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانا چاہتے ہیں۔ اس نظریاتی اجتماع کا مقصد اُن جذبوں اور ولولوں کو از سر نو ابھارنا ہے جو تحریکِ پاکستان کے دوران مسلمانانِ ہند کے دل و دماغ میں موجزن تھے۔ ان خیالات کا اظہارمقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں بارہویںسالانہ سہ روزہ نظریۂ پاکستان کانفرنس کے تیسرے روز منعقدہ چھٹی اور ساتویں نشست کے دوران کیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہدرشید نے اداکیے۔ سابق صدر رفیق تارڑ نے کانفرنس کے شرکاء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پاکستان کی نظریاتی اساس کے تحفظ اور اس کے فروغ کیلئے دن رات کوشاں ہے ۔ ہم پاکستان کو قائداعظمؒ ، علامہ محمد اقبالؒ اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی خواہشات کے مطابق ایک جدید اسلامی جمہوری فلاحی ملک بنانا چاہتے ہیں۔ آپ اس مقدس مشن میں ہمارے دست و بازو بنیں کیونکہ ہم پُرخلوص اجتماعی جدّوجہد کے ذریعے ہی اپنے مقصد میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہے۔ اس کانفرنس سے قوم کو اُمید اور حوصلے کا پیغام دیا جا رہا ہے کہ ہمیں مشکل حالات میں مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ قائداعظمؒ زیادہ تر انگریزی میں تقریر کیا کرتے تھے اور مسلمانان برصغیر کی اکثریت انگریزی زبان نہیں سمجھتی تھی، مگر اس کے باوجود وہ قائداعظمؒ کی تقریر بغور سنتے تھے جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی اور مقاصد کے حصول کیلئے ضروری ہے کہ ہم تحریک پاکستان سے اپنی وابستگی برقرار رکھیں۔ ہم نئی نسلوں کو پاکستان کی اہمیت اور پاکستان کے وجود میں آنے کے فلسفہ کے بارے میں بتائیں اور اسے ہمیشہ مد نظر رکھیں۔ سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور سیداں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ نظریۂ پاکستان حقیقت میں نظریۂ اسلام ہے جس کی بنیاد پر پاکستان حاصل کیا گیا۔ یہ ملک کسی خاص مقصد اور نظریے کے تحت قائم ہوا۔ پاکستان ایک گریٹر پاکستان بننے والا ہے۔ ہم میں سے ہر ایک کو اپنا محاسبہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے کیا کردارادا کیا۔ بیگم مہناز رفیع نے کہا کہ پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور ہمیں نئی نسلوں کو بھی اس نظریہ سے آگاہ کرنا ہے۔قیوم نظامی نے کہاکہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں اور انہوں نے ہماری قوم کی رہنمائی کا فریضہ انجام دینا ہے۔ وہ اقبال ؒ کا ’’پیغام خود ی ‘‘خود بھی سمجھیں اور نئی نسل کو بھی سمجھائیں۔ ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں نے کہا کہ یہ ادارہ نظریۂ پاکستان جو درحقیقت نظریۂ اسلام ہے، کے تحفظ اور اس کی ترویج واشاعت کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ نظریۂ پاکستان ٹرسٹ ایک انقلاب چاہتا ہے کہ نئی نسلوں کو دو قومی نظریہ‘تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے اسباب و مقاصد سے آگاہ کیا جائے۔ میاں عبدالوحید نے کہا کہ ہم اپنے علاقہ میں پاکستان کے بنیادی نظریہ کی ترویج و اشاعت کیلئے کام کر رہے ہیں۔ پروفیسر قدرت علی نے کہا کہ ہم نے جہلم میں علامہ محمد اقبالؒ لیکچر سیریز شروع کر رکھی ہے۔ ہم تعلیمی اداروں میں قائداعظمؒ اور علامہ محمدا قبالؒ کے افکار کو فروغ دے رہے ہیں۔ منور حسن نے کہا کہ ہم بلوچستان میں نظریۂ پاکستان کے فروغ کیلئے مسلسل کام کررہے ہیں۔ بیگم صفیہ اسحاق نے کہا کہ نظریۂ پاکستان کا پیغام ملک کے ہر گلی اور کوچے تک پہنچا کر دم لیں گے۔ یہ ملک اسلام کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور تا قیامت قائم ودائم رہے گا۔ بیگم خالدہ جمیل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج جتنے مرضی مظالم ڈھا لے کشمیریوں کی زبان پر ’’ کشمیر بنے گا پاکستان ‘‘ کا نعرہ ہمیشہ موجود رہے گا۔کانفرنس کی اختتامی نشست میں گروہی مباحثوں کی سفارشات، قراردادیں اور اعلامیہ کی منظوری دی گئی۔ آخر میں اظہار سپاس کرتے ہوئے شاہد رشید نے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد بزدار، ڈی سی لاہور ،سی سی پی او لاہور اور کانفرنس میں شرکت کرنیوالے معزز مہمانان خاص کا بطور خاص شکریہ اداکیا ۔انہوں نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اکابرین، کارکنان تحریک پاکستان، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی، ڈی جی پی آر، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن، واپڈا، پنجاب پولیس بینڈ، پولیس حکام‘ میڈیا اور ٹرسٹ میں کام کرنیوالے تمام ورکرز کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں سجادہ نشین آستانہ عالیہ علی پور سیداں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے ملکی تعمیروترقی اور استحکام کیلئے دعا کرائی۔

ای پیپر-دی نیشن