بورڈ کوپی ایس ایل سے 3.69ارب کی آمدنی متوقع
لاہور( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان سپر لیگ کے انعقاد سے جہاں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی رونقیں بحال ہوئی ہیں وہیں ملک بھر کے شائقین کرکٹ کھیل سے لطف اندوز ہونے کیساتھ ساتھ شاپنگ اور سیر و تفریح کا بھی مزہ لے رہے ہیں۔اس کیساتھ ساتھ پی ایس ایل سے ایئرلائنز، ٹیکسٹائل، سپورٹس، ایڈورٹائزنگ، ہوٹل اور ریسٹورنٹ انڈسٹری براہ راست فعال کردار ادا کرکے منافع کما رہے ہیں۔اس کیساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ ٹائٹل کی بولی، اشتہاروں اور براڈ کاسٹنگ رائٹس، ٹکٹوں کی فروخت وغیرہ سے ذرمبادلہ حاصل کریگا۔ ایک اندازے کے مطابق اس سال پی ایس ایل سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو 3.69ارب کی آمدنی متوقع ہے۔معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے دوران پاکستان میں کاروباری سرگرمی بڑھنے سے ملکی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بھی بہتر ہوگا جو کہ یقیناً خوش آئند ہے۔