خطرات کا سامنا کرنے کیلئے تیار، خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دینگے: ایئرچیف
کراچی/ اسلام آباد (نیوز رپورٹر/ سٹاف رپورٹر) پاک فضائیہ نے پچھلے سال اپنی شاندار روایات کے مطابق آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں اپنی پیشہ ورانہ مہارت اوربہادری سے ایک نئی تاریخ رقم کی۔ بیشک پاک فضائیہ کے فوری اور بھرپور جوابی وارنے دشمن کے تکبر کو خاک میں ملا دیا۔ یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ میں شاندارکامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر ایئر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطا ب کے دوران کہی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے مزید کہا کہ میں پاکستانی قوم کو یقین دلاتا ہوں پاک فضائیہ ہر طرح کے خطرات کا سامنا کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ہم پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاک فضائیہ قومی دفاع کو مقدم سمجھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال ہماری قومی قیادت نے یہ واضح کر دیا تھا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا جواب دینے کے علاوہ ہمارے پاس کوئی دوسرا راستہ نہ تھا تاہم موئثر اور ذمہ دارانہ ردِ عمل ہماری ترجیح تھی۔کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ پاک فضائیہ اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ فعل کے جواب میں ہمیشہ تحمل کا مظاہرہ کرے گی۔پاک فضائیہ کے سابق سربراہوں اور عہدیداروں کی ایک کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے ایف 16، جے ایف 17 اور میراج طیاروں کی فارمیشنز کے شاندار فلائی پاسٹ نے اس تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ فضائیہ اسکول اینڈ کالج کے طلبائ و طالبات نے اس تقریب میں جوش و جذبے کے ساتھ ترانے اور ملی نغمے بھی پیش کئے۔ گزشتہ سال آج ہی کے دن بھارت کی جانب سے بالا کوٹ پر فضائی حملے کے بعد فوری جوابی کارروائی کرنے پر پاک فضائیہ کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جمعرات کے دن ’’ سرپرائزڈے‘‘ منایا گیا۔ اس روز پاک فضائیہ نے فوری جوابی کارروائی کے دوران بھارتی فضائیہ کے دو لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔ پاک فضائیہ نے 27 فروری کو آپریشن سوئفٹ ریٹورٹ کی فیصلہ کن برتری کے دن کے طور پر منایا۔ اس تاریخ ساز دن کے موقع پر ائیر ہیڈ کوارٹرز میں ایک شاندار تقریب کے ساتھ ساتھ سی ویو کراچی میں ایئر شو اور اسلام آباد میں ایوی ایشن آرٹ کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔سی ویو ائیر شو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی جبکہ ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن، ایئر آفیسر کمانڈنگ، سدرن ائیر کمانڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔اسپیکر قومی اسمبلی، اسد قیصر اور وفاقی وزیر اسد عمر نے خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کی۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایئر وائس مارشل عامر مسعود، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف (ٹریننگ) نے اپنے افتتاحی کلمات میں اس تقریب اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس نمائش میں ملک بھر سے ایوی ایشن آرٹ کے دلدادہ آرٹسٹوں نے پینٹنگ، اسکیچنگ، ڈیجیٹل پینٹنگ اور فوٹو گرافی سمیت مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔ اس تین روزہ نمائش میں رکھے گئے ہیں۔