کرونا، آئسولیشن وارڈز بنا دیئے، ماسک مہنگا نہیں ہونے دینگے: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چلڈرن ہسپتال کے نوتعمیرشدہ ایمرجنسی کے وارڈز کا دورہ کیا۔ زیر علاج بچوں کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ نے مریض بچوں کیلئے فراہم کی جانے والی طبی سہولتوںکا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے نوتعمیرشدہ ایمرجنسی وارڈ کے مختلف حصے دیکھے۔ بلڈ بنک اورآپریشن تھیٹر کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر چلڈرن ہسپتال کیلئے نیا او پی ڈی بلاک بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئے او پی ڈی بلاک کیلئے اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کیا جائے۔ چلڈرن ہسپتال کو یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کا درجہ دیا جائے گا۔ چلڈرن ہسپتال جیسے اداروں کی ہر شہر میں ضرورت ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے ہر ڈویژن میں چلڈرن ہسپتال بنانے کا پروگرام بنایا ہے اور اس پروگرام کو مرحلہ وار آگے بڑھائیں گے جبکہ بعدازاں ہر ضلع میں بچوں کیلئے مخصوص ہسپتال بنایا جائے گا۔ لاہور سمیت پنجاب میں ہیلتھ کیئر کی معیاری سہولتوں کی فراہمی ہر صورت خوب سے خوب تر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کئی نئے ہسپتال تحریک انصاف کی حکومت نے شروع کئے ہیں۔ کرونا وائرس کے حوالے سے پنجاب حکومت نے پیشگی انتظامات اور اقدامات کیے ہیںاورہماری صورتحال پر پوری نظر ہے۔ جہاں ضرورت محسوس ہوئی وہاں مزید اقدامات کئے جائیںگے۔ ماسک کی قیمتوں میں اضافے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اوراس ضمن میں انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ پنجاب حکومت نے ہسپتالوں میں آئسو لیشن وارڈ زبھی قائم کیے ہیں اور پنجاب میںکرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں۔ عثمان بزدارنے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا دورہ کیا اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی، جس میں کرونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اور حکومت پنجاب کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مانیٹرنگ اینڈ سرویلنس کو مزید موثر اور داخلی راستوں کی سخت نگرانی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایئرپورٹس پر مسافروں کی سکریننگ کیلئے محکمہ صحت کا اضافہ عملہ تعینات کیا گیا ہے تاہم داخلی راستوں کی بھی موثر مانیٹرنگ ضروری ہے ۔ وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے فوری طور پر کابینہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں تمام سٹیک ہولڈرز شامل ہوںگے اورکمیٹی روزانہ میٹنگ کر کے صورتحال کا جائزہ لے گی اور اقدامات تجویز کرے گی۔ ضروری ساز وسامان ہنگامی طورپر منگوانے کی منظور ی دیتے ہوئے انہوں نے پنجاب حکومت نے کرونا وائرس سے متعلقہ ضروری ساز وسامان خریدنے کیلئے 236ملین روپے جاری کر دیئے ہیں۔ کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں۔ اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اوربچاؤ کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر 24گھنٹوں میں عملدر آمد کیا جائے اور رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ لیکن ہمیں ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکمے اور ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں اور عالمی ادارہ صحت کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ عثمان بزدار نے تونسہ میں پولیو کا کیس سامنے آنے کے واقعہ کے بارے میں کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔