کرونا: ایران میں جمعہ کے اجتماعات منسوخ، علماء کی مخالفت
تہران (نیٹ نیوز، این این آئی) ایران نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک کے بڑے شہروں میں جمعہ کے اجتماعات کو منسوخ کر دیا ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایران میں کرونا وائرس کے ایک ہزار مشتبہ کیسز موجود ہیں۔ ایران کے وزیر صحت سعید نماکی نے کہا ہے کہ بڑے شہروں میں خصوصاً ایسے شہروں میں جہاں کرونا وائرس کے مریض موجود ہیں، وہاں نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوں گے۔ ریڈیو ایران نے خبر دی ہے کہ قم شہر میں کرونا وائرس کے 49 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ایران میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض قم میں ہیں۔ دریں اثناء کرونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے باوجود ایران کی مذہبی شخصیات نے ملک میں مذہبی اجتماعات پر پابندی کی مخالفت کر دی ۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایک طرف سوشل میڈیا پر شہریوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ مذہبی اور سیاسی نوعیت کے اجتماعات میں شرکت نہ کریں اور دوسری طرف ملک کی مذہبی شخصیات نے بائیکاٹ مہم کی مخالفت کی ہے۔ ایرانی مذہبی رہ نمائوں کا کہنا تھا کہ ایسے مقامات جہاں پر کرونا وائرس کا خطرہ نہیں مذہبی اجتماعات پر پابندی یا ان میں شرکت سے روکنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔