کرونا سے اموات کی شرح 2 فیصد ایران سے آنے والوں کو گھروں میں ڈاکٹر چیک کریں گے: میجر جنرل ڈاکٹر عامر
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) ایگزیکٹو ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا ہے کرونا وائرس سے اموات کی شرح دو فیصد سے بھی کم ہے۔ صحافیوں سے گفتگو میں میجر جنرل ڈاکٹر عامر اکرام نے کہا کہ اس قسم کی وبائی صورت حال میں ہمیں خوف کو کنٹرول کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس سے دو افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے لیکن دونوں متاثرہ افراد صحتیاب ہو رہے ہیں۔ اسلام آباد میں زیر علاج متاثرہ شخص کے اہلخانہ کے ٹیسٹ کر لیے ہیں جو منفی آئے ہیں۔ سربراہ این آئی ایچ نے کہا کہ ایران کے کرونا وائرس کے اعلان سے پہلے کچھ زائرین واپس آچکے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ایران سے آنے والوں کو گھروں میں ہی الگ تھلگ رکھنے کی سفارش کی ہے، گھروں میں رکھے گئے افراد کو ڈاکٹرز چیک کرتے رہیں گے، اگر کسی میں کرونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر ہوتی ہے تو اسے ہسپتال منتقل کیا جائے گا۔ حکومت نے ماسک کی کمی کا نوٹس لیا ہے، ماسک تیار کرنے والے مقامی افراد سے کہا ہے کہ حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔