پاکستان نہیں بھارت خود اپنے آپ کو تباہ کریگا: صدر علوی
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، اے پی پی) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، پاکستان بھارت کو تباہ نہیں کرے گا بلکہ انڈیا خود اپنے آپ کو تباہ کرے گا۔ اسلام آباد میں سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر بین الاقوامی برادری کے رد عمل کا یہی وقت ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمان، سکھ اور ہندو کمیونٹی سراپا احتجاج ہے، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندو اور مسلمان امن پسند ہیں لیکن بھارت میں سیاست دان امن پسند نہیں ہیں، میرے رشتے دار اب بھی بھارت میں ہیں، وہاں کی اندرونی صورتحال پر دکھ ہے۔ مقبوضہ کمشیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ صدر پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کشمیریوں سے ہے،کشمیر کی زمین سے نہیں، جو کشمیریوں کی تصاویر منظر عام پر آرہی ہیں، ان تصاویر نے پوری دنیا کو ہلا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال اسی دن (27 فروری) پاک فوج نے بہترین کارکردگی دکھائی تھی، پاک فضائیہ نے بھارتی جہاز گرا کر بھارتی فوج کے غرورکو خاک میں ملایا، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جمہوری تحریک اور اقدار کی بنیاد پر وجود میں آیا، پاکستان تمام اقلیتوں کا احترام کرتا ہے، بھارت کی پارلیمنٹ میں کہا گیا کہ قائد اعظم نے بہت پہلے ہی دوقومی نظریہ کے بارے میں بتا دیا تھا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مصر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے مابین دفاع کی شعبے میں مضبوط تعلقات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر کے کمانڈر ان چیف اور وزیر دفاع جنرل محمد احمد ذکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاع کی شعبے میں مضبوط تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔