• news

وزیراعظم کی امیر قطر سے ون آن ون ملاقات، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی شعبہ میں تعاون پر اتفاق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان اور قطر کی قیادت نے سیاسی و اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ اور اقتصادی بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے امید ظاہر کی ہے کہ تمام افغان فریقین افغانستان میں پائیدار امن کے قیام اور استحکام کے لئے امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے قطر کے ایک روزہ دورہ کے اختتام پر جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو دوحہ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ سید ذوالفقار عباس بخاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے درمیان ون آن ون ملاقات کے علاوہ وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔ جس میں انہوں نے شاندار موجودہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان سیاسی و اقتصادی شراکت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقتصادی اور بالخصوص توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ مذاکرات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق مشترکہ ورکنگ گروپ کو متحرک کیا جائے گا اور سیاحت اور کاروبار کے شعبوں میں تعاون کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے لئے قطر کے قابل قدر کردار کو سراہا جس پر (کل) 29 فروری کو دستخط کئے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے افغان امن عمل کے لئے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے امید ظاہر کی کہ تمام افغان فریقین افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کے حوالے سے سیاسی حل تک پہنچنے کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں آر ایس ایس کے نظریئے کی حامل بی جے پی حکومت کی طرف سے انسانی حقوق کی مسلسل سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے بھارت میں مسلمانوں کے خلاف جاری فسادات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا جس سے موجودہ بھارتی حکومت کے ہندوتوا کے نظریئے کی عکاسی ہوتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان قطر کا ایک روزہ دورہ مکمل کر کے اسلام آباد پہنچ گئے۔ آج (جمعہ) پشاور کا دورہ کریںگے۔

ای پیپر-دی نیشن