• news

کرونا:سعودی عرب نے عمرہ زائرین پر عارضی پابندی لگا دی، پاکستان، ایران فضائی سروس معطل

اسلام آباد،راولپنڈی، بیجنگ، ریاض ، لندن (خصوصی نمائندہ+اپنے سٹاف رپورٹر سے+ عارف چوہدری+ شنہوائ+ ایجنسیاں) پاکستان نے کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ایران کے ساتھ براہ راست پروازوں پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی ہے جبکہ ایرانی سرحد پر امیگریشن پانچویں روز بھی بند رہی۔ پمز میں زیر علاج مریض صحت یاب ہونے لگا،مریض کے 5 خواتین ہسپتال سے فارغ سعودی عرب نے پاکستان سمیت آنے والے عمرہ زائرین پر پابندی لگا دی ہے ، ویزے منسوخ۔جبکہ سیاحتی ویزے پر آنے والوںکا داخلہ بھی عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ تفتان کے مقام پر پاک ایران سرحد پر امیگریشن پانچویں روز بھی بند رہی اور پاکستان سے ایران اب تک 418ایرانی واپس جاچکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 270مسافروں کو پاکستان ہائوس میں قرنطینہ میں رکھا گیا۔ دوسری جانب لیویز نے بتایا ہے کہ راہداری گیٹ بند ہے، مقامی افراد ایران میں پھنس گئے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹاسک فورس قائم کر دی۔ ٹاسک فورس مراد علی شاہ کی نگرانی میں کام کرے گی جس میں چیف سیکرٹری، سیکرٹری صحت، کمشنر کراچی اور دیگر افسران شامل ہوں گے۔ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں ایران سے واپس آئے 1500افراد کی فہرست تیار کر لی گئی ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں محدود رہیں، انہیں گھروں میں ہی مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ 1500 افراد میں سے 232 کلیئر، کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کی فیملی کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، یہ فیملی ایران سے 20فروری کی صبح کراچی واپس آئی تھی۔ ماسک مہنگا فروخت ہونے پر بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ ماسک کی اصل قیمت پر فراہمی کو یقینی بنائیں گے اور مہنگا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے وفاق کو مدد درکار ہوتی تو ہم فراہم کرینگے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد سرجیکل ماسک نایاب ہوگئے۔ بلوچستان حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں تعطیلات کے بعد صوبے میں میٹرک کے جاری امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔بلوچستان میں ایمرجنسی، میٹرک کے نویں جماعت کے 5اور دسویں جماعت کے 4پرچے ہونا باقی ہیں۔ محکمہ تعلیم کا مزید کہنا ہے کہ امتحانات ملتوی ہو جانے کے بعد میٹرک کے باقی رہ جانے والے پرچوں کے شیڈول کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ کراچی میں بھی میڈیکل سٹورزسے ماسک غائب ہو ئے ہیں۔ کراچی شہر کے میڈیکل سٹورمالکان نے نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ عام ماسک کا ڈبہ پہلے300سے400روپے تک کا تھا جس کی اب قیمت کئی گناہ بڑھنے کے بعد عام ماسک کے ڈبے کی قیمت 1700 سے زائد ہو گئی ہے۔ سندھ حکومت نے کرونا وائرس کے سلسلے میں عوام الناس کے لیے رابطہ نمبر جاری کر دیے۔ وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے شبہے کی صورت میں عوام فوری طور پر 02199206565 ،02199203443 پر رابطہ کریں۔ چین میں کرونا وائرس کے اثرات کم ہونے لگے، ایک ماہ کے دوران گزشتہ روز سب سے کم 29 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 433 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ چین میں کرونا سے اب تک 2 ہزار 744 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مئیر کراچی وسیم اختر نے کے ایم سی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، میڈیکل ڈیپارٹمنٹ کے افسران اور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ وسیم اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ماسک کی غیر قانونی برآمدات کو فوری طور پر روکا جائے، کرونا وائرس کے باعث ماسک کی ضرورت پیش آئی تو مشکل ہوگی، ماسک دستیاب نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔ ایران سے کراچی آنے والی غیر ملکی پرواز کو برج پر لگانے پر پابندی لگا دی گئی تھی جس کے بعد یہ پرواز کراچی ایئرپورٹ پر محفوظ مقام پر پارک کیا گیا اور مسافروں کی اسکریننگ کی گئی۔ ایئر پورٹ منیجر کے مطابق محکمہ صحت کے عملے نے رن وے پر ہی تہران سے کراچی پہنچنے والی پرواز آئی آر 812 کے مسافروں کی سکریننگ کی، ذرائع کے مطابق سعودی عرب نے پاکستانیوں کو جاری عمرہ ویزے منسوخ کردیے ہیں جس کے نتیجے میں کراچی، سیالکوٹ اور اسلام آباد سے جدہ اور مدینہ جانے والی پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔ پابندی فوری طور پر نافذ کردی گئی ہے اورادھر اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر ملکی فضائی کمپنی نے 90 عمرہ زائرین کو پرواز سے اتاردیا(آف لوڈ کردیا) ہے۔ یہ عمرہ زائرین غیر ملکی پرواز ای وائی 232 سے سعودی عرب جا رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق وزٹ ویزہ والے مسافر بھی سعودی عرب نہیں جا سکیں گے اور صرف بزنس ویزہ یا اقامہ رکھنے والے ہی جا سکیں گے۔ ایوی ایشن ڈویژن نے پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز کو ہدایات جاری کردی ہیں جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف پی آئی اے اور غیر ملکی ائیر لائنز نے عمرہ زائرین سعودی عرب لے جانے سے انکار کر دیا ہے، کراچی سے جدہ جانے والی پی آئی اے کی پرواز کو روک دیا گیا، سعودی عرب کی جانب سے پابندی لگانے پر پرواز سے عمرہ زائرین کو آف لوڈ کیا گیا، جس کی وجہ سے ایئر پورٹس پر عمرہ زائرین کا رش لگ گیا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق غیر ملکی ایئرلائن ای وائی 242 سے 50 عمرہ زائرین آف لوڈ کیے گئے، سعودی گلف فلائٹ 6 ایس158 سے10 عمرہ زائرین، پی آئی اے کی پرواز پی کے 747 سے 133 عمرہ زائرین جب کہ پشاور سے پرواز ای کے 20 سے بھی تمام عمرہ زائرین کو آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔ کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق کے بعد پاکستان بھر میں خوف کی فضا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ دمام میں کرونا وائرس کی موجودگی کے بارے میں سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔ فرانس میں کرونا وائرس کا شکار ایک اور شخص جان کی بازی ہار گیا ہے۔ فرانسیسی محکمہ صحت کے حکام نے اس دوسری ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ امریکہ نے دنیا کے مختلف ملکوں میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر ایران، اٹلی اور منگولیا کے لئے سفری انتباہ جاری کیے ہیں اور امریکی شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان ممالک کے سفر کے وقت احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ روس نے ایران میں مہلک وائرس کرونا پھیلنے کے بعد اس کے شہریوں کو ویزے جاری نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس کے خدشہ کے پیش نظر محکمہ ریلیف خیبر پختونخوا نے ماتحت تمام دفاتر کے ملازمیں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کر دی، بائیو میٹرک مشین سے ملازمین کی حاضری وقتی طور پر روک دی گئی۔ محکمہ ریلیف کی جانب سے ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے، سول ڈیفنس اور پیرا ایبٹ آباد کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا، مراسلے میں کہا گیا کہ دفاتر میں روایتی طریقے سے گلے ملنے اور ہاتھ نہ ملانے سے متعلق ملازمین کو شائستگی سے سمجھایا جائے، دفاتر میں بائیومیٹرک حاضری کو بھی وقتی طور پر روکا جائے۔گزشتہ روز شہری وفاقی دارالحکومت کے بلیو ایریا، میلوڈی مارکیٹ، سیکٹرجی ٗ7جی -6، ایف 6،ایف -7 سمیت سینکڑوں فارمیسی کی دکانوں میں میڈیکل ماسک نہ ملنے کا شکوہ کرتے دکھائی دئیے۔ میڈیکل اسٹورز مالکان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرجیکل ماسک تیار نہیں کئے جاتے جس کی وجہ سے پاکستان بھر اور وفاقی دارالحکومت میں بھی سرجیکل ماسک ختم ہو چکے ہیں ۔ نوشہرہ وادی سون میں نامہ نگار کے مطابق تحصیل نوشہرہ وادی سون میں چند روز پہلے چار افراد سے نوشہرہ پہنچے وادی سون پریس کلب نوشہرہ کے ممبران کی نشاندہی پر سی ای او ہیلتھ خوشاب سید واجد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے تحصیل ہسپتال نوشہرہ ایم ایس ڈاکٹر صفورہ کی فوری طور پر احکامات جاری کئے کہ فوری طور پر وہاں ڈاکٹروں کی ٹیم بھیج کر چیک کریں چار افراد بابر عباس شیراز حسین سجاد قادر اور یاسر نواز کو چیک اپ کیا ڈاکٹروں کی رپورٹ کے مطابق ابھی تک کسی قسم کا کوئی وائرس نہ ہے تمام افراد براستہ سڑک آئے ہیں اور ان کی کوئی سکریننگ نہیں ہوئی لہذا ان کی سکریننگ کیلئے ٹیسٹ کروائے جانے چاہئے۔ بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں چینی باشندے سمیت 3 افراد میں کرونا وائرس کی علامات کے بعد ان کے ٹیسٹ چیک اپ کیلئے قومی ادارہ صحت کو بھجوا دئے گئے۔ جمعرات کو ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز سر جوڑے بیٹھے رہے کہ نئی صورتحال میں ایمرجنسی کے ساتھ کرونا کے شبے میں آنے والے مریضوں کو کیسے ایک ساتھ ڈیل کیا جائے کرونا کے متاثرہ مریضوں کی آئسو لیشن کے حوالے سے بھی اقدامات زیر غور لائے گئے جبکہ ایران میں زیارات سے واپس آنے والے 46 افراد کی سکیننگ کی گئی جن میں سے 63 سالہ حبیب مہدی اور ان کی58 سالہ اہلیہ کلثوم میں کرونا وائرس کے شبے پر دونوں بینظیر بھٹو ہسپتال داخل کردئے گئے۔ ڈاکٹروں نے دونوں کے سیمپل بھی لے لئے تاکہ ٹیسٹ کرائے جا سکیں۔ ملتان سے سپیشل رپورٹرکے مطابق نشتر ہسپتال ملتان میں کورونا وائرس کے شبہ میں دو مریض منتقل,آئی سو لیشن وارڈ داخل کر کے نمونے لیبارٹری بھجوا د ئیے گئے علاج جاری، تفصیل کے مطابق لیہ کے میاں بیوی 60 سالہ خدا بخش اور اسکی 60 سالہ بیوی پٹھان مائی کو کورونا وائرس کے شبہ میں گزشتہ روز ڈی ایچ کیو لیہ سے نشتر ہسپتال کے آئی سو لیشن وارڈ منتقل کر کے نمونے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد بھجوا دئیے گئے، بتایا جا رہا ہے کہ مشتبہ مریضوں نے چند روز قبل ایران کا سفر کیا تھا اور دونوں گزشتہ تین روز سے کھانسی نزلہ بخار اور سانس میں تنگی کا شکار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن