کرونا: 650 زائرین، تاجروں کو پاکستان داخلے کی اجازت، ایران کے 23 صوبائی دارالحکومتوں میں جمعہ اجتماعات نہ ہو سکے
اسلام آباد /بیجنگ/ ووہان/ تہران /کوئٹہ (شِنہوا+ سپیشل رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) نائیجیریا اور بیلا روس میں بھی نوول کرونا وائرس کا پہلا ایک ایک مریض سامنے آ گیا۔ جبکہ چین میں کرونا وائرس کے باعث مزید 44افراد ہلاک اور 327نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2788 اور متاثرہ افراد کی تعداد 78ہزار 824ہو گئی جن میں سے7ہزار 952 افراد کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ بی بی سی کے مطابقصحت عامہ ذرائع کے مطابق ایران میں210افراد ہلاک ہوئے‘جبکہایرانی حکام کے مطابق کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد34 ہوئیں۔ 388متاثرہ ہیں۔ جمہوریہ کوریا میں کرونا وائرس کے مزید 256 مصدقہ کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں کل مریضوں کی تعداد 2ہزار 22 ہو گئی۔ چین کے سفارتخانہ نے جنوبی شہر ڈائیگو کو 25 ہزار طبی ماسک کا عطیہ دیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ نے کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15ہونے کے بعد ملک میں سرکاری اور نجی پروگراموں پر پابندی لگا دی گئی۔ ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے میں 2 ہلاکتوں سمیت 93مصدقہ کیسز، مکاؤ خصوصی انتظامی علاقے میں 10 مصدقہ کیسز جبکہ تائیوان میں ایک ہلاکت سمیت 32 مصدقہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ نائیجیریا میں نوول کرونا وائرس کا پہلا مریض سا منے آ گیا ہے۔ ادھر جاپان کے وزیر تعلیم کوئی چی ہاگیودا نے جمعہ کو تمام طلبہ سے درخواست کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور سکول نہ جائیں جو کہ کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے بند کئے گئے ہیں۔ فلپائن ایئر لائن نے کرونا وائرس کی وجہ سے300ملازمین فارغ کر دیئے۔ دوسری طرف ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا ہے کہ پاک ایران بارڈر پر موجود 650افراد کو داخلے کی اجازت دی ہے۔ 650افراد میں زائرین، تاجر اور دیگر افراد شامل ہیں۔ بارڈر سے آنے والوں کی سکریننگ کی جائے گی۔ لیاقت شاہواری کا کہنا ہے کہ اجازت ملنے کے بعد پاکستان سرحدی گیٹ پار کر کے تفتان چلے گئے قرنطینہ میں دس روز رکھے جانے کے بعد تمام افراد کو ان کے علاقوں میں روانہ کر دیا جائے گا۔ کوئٹہ میں کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے جدید لیبارٹری قائم کر دی۔ پاکستان میں کرونا وائرس کے سلسلے میں کرونا آن لائن پورٹل کا آغاز ہو گیا۔ کراچی میں کورونا وائرس میں مبتلا شہری کی حالت خطرے سے باہر قرار دی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق کورونا وائرس کے شکار کراچی کے شہری کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں مریض کی صحت میں بہتری نظر آئی۔ حکام نے بتایا کہ متاثرہ مریض کو آج پاکستان آئے ہوئے 8 روز مکمل ہوگئے۔ مریض کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ صحت یاب ہورہا ہے۔ حکام کا کہنا تھا کہ قرنطینہ کا دورانیہ مکمل ہونے کے بعد متاثرہ شخص کو گھر منتقل کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بلوچستان کے ضلع تفتان اور دالبندین کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ جام کمال سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایاکہ تفتان میں رکے ہوئے وہ زائرین جو ایران جانا چاہتے تھے، انہوں نے رضاکارانہ طور پر واپس آنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جن کی تعداد 273 ہے۔ معاون خصوصی اور وزیراعلیٰ کی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ان زائرین کو سکیورٹی اور سفری سہولیات فراہم کرکے فوری طور پر کوئٹہ لایا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے تفتان میں قرنطینہ اور تفتان اور دالبندین میں آئسولیشن وارڈ کے قیام کے لیے فوری طور پر 200 ملین روپے جاری کردیئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق کورونا وائرسز ایک سے زائد وائرس کا خاندان ہے جس کی وجہ سے عام سردی سے لے کر زیادہ سنگین نوعیت کی بیماریوں، جیسے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) اور سیویئر ایکیوٹ ریسپائریٹری سنڈروم (سارس) جیسے امراض کی وجہ بن سکتا ہے۔ سندھ حکومت نے ایران سے واپس آنے والے چھ سو سے زائد زائرین کی سکریننگ کر لی ہے، کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا۔ مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کہتے ہیں کہ شہری خوف کا شکار نہ ہوں۔ تعلیمی ادارے پیر سے کھول دئیے جائینگے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ کرونا وائرس کے متاثرہ مریض کی فیملی اور دیگر 28 افراد کو ٹیسٹ کے بعد کلیئر قرار دیا گیا ہے۔ تاہم مقامات مقدسہ کی زیارت کے لیے گئے چار سو افراد اب بھی ایران میں ہیں۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ماسک ذخیرہ کرنیوالوں کیخلاف کاروائی ہو رہی ہے۔ اس موقع پر ملک کے معروف معالج ڈاکٹر عبدالباری نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ ہر فرد کو ماسک پہننے کی ضروررت نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سی ایم بلوچستان جام کمال سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایران سے آئے مسافروں سے متعلق بات چیت کی۔ ایرانی سفارتخانہ نے ایک وضاحتی بیان جاری کیا ہے کہ وزارت صحت نے کنٹرول سینٹر قائم کر کے ذیلی کمیٹیاں بنا دی ہیں جو صورتحال پر نظر رکھیں گی اور کرونا کی روک تھام کیلئے اقدام کر لیا گیا۔ ادھر دورہ بیجنگ سے واپسی پر منگولین صدر کو قرنطینہ میں رکھ لیا گیا ہے۔
کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق ایران سے آنے والے 20 زائرین اپنے گھروں میں نہیں پہنچے، علاقہ میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے، محکمہ صحت کے مطابق انہوں نے گھر گھر جاکر پتہ کروایا پر ان میں سے کوئی شخص بھی اپنے گھر میں نہ ملا۔ لواحقین کے مطابق یہ لوگ یاتو ابھی ایران سے آئے نہیں یاپھرانہیں ایئرپورٹ پر اترتے ہی وفاقی اداروں نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ان میں سے بیس افراد کاتعلق کامونکے کے محلہ سلامت پورہ،محلہ حبیب پورہ،محلہ شریف پورہ و دیگر علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ارشد ورک کا کہنا ہے کہ چین میں گاؤں منڈیالہ پونائچ کی ماریہ اصغر نامی لڑکی کا واپسی پر ٹیسٹ کیا گیا ہے جو نارمل نکلا ہے۔