نوازشریف ڈاکٹر کی ہدایت کے بعد ہی سفر کر سکتے ہیں، میڈیکل رپورٹ عدالت پیش
لاہور (وقائع نگار خصوصی) احتساب عدالت کے روبرو چودھری شوگر ملز کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کر دی گئی۔ عدالت نے سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی۔ نوازشریف کے بھتیجے یوسف عباس پیش ہوئے۔ نوازشریف کے وکیل نے نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔ انہوں نے نوازشریف کی تازہ میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کراتے ہوئے کہا کہ نوازشریف برطانیہ میں زیر علاج ہیں۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق نوازشریف کے مزید ٹیسٹ ہونے ہیں۔ ڈاکٹرز کی ہدایت کے بعد ہی وہ سفر کر سکیں گے۔