• news

کبڈی ورلڈ کپ‘ ثابت ہواپاکستان محفوظ ملک ہے: پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان محفوظ ملک ہے، غیر ملکی ٹیمیں اور کھلاڑی پاکستان آ رہے ہیں، شاندار کبڈی ورلڈ کپ کے انعقاد نے بھی دنیا کو مثبت پیغام دیا ہے اور اب پی ایس ایل کے تمام میچوں نے ملک کے سٹیڈیم آباد کر دئیے ہیں۔ چودھری پرویزالٰہی پاک میڈیا کرکٹ ٹیم برطانیہ کے اعزاز میں گورنر ہائوس میں ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے جس میں وجاہت علی خان، عطاء الحق، طاہر علی، بابر علی رانا اور دیگر شخصیات بھی شریک تھیں۔ قائم مقام گورنر چودھری پرویزالٰہی نے بھارت میں مسلمانوں پر ظلم و بربریت کو آر ایس ایس اور حکومت کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی نے انسانیت کو جس قدر نقصان پہنچایا ہے اتنا تو جنگوں میں بھی نہیں پہنچا۔ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ مودی کا ظلم روکنے کیلئے سامنے آئے اور بھارت میں مسلمانوں کو نسل کشی سے بچانے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کبھی نہیں ہوا کہ حکومت اور پولیس مل کر اپنے ملک میں اقلیت پر ظلم کریں۔ چودھری پرویزالٰہی نے امریکہ طالبان معاہدہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدہ میں پاکستان کا کردار تسلیم کیا گیا ہے۔ پاکستان نے افغانستان میں قیام امن کے عمل کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور ہمیشہ امن کیلئے کردار ادا کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن