ولیم ای ٹوڈ پاکستان میں نئے امریکی سفیر نامزد
واشنگٹن (نوائے وقت نیوز) امریکہ نے ڈپٹی انڈر سیکرٹری فار مینجمنٹ ولیم ای ٹوڈ کو پاکستان کیلئے نیا سفیر نامزد کر دیا۔ ولیم ای ٹود نے حالیہ دنوں میں امریکہ کے جنوب اور وسطی ایشیائی امور کے قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری کے طورپر کام کیا ہے۔ وہ فروری 2018ء میں ڈپٹی انڈر سیکرٹری برائے مینجمنٹ مقرر کئے گئے تھے۔ ولیم ای ٹوڈ جون 2017ء سے مئی 2019ء تک قائم مقام انڈر سیکرٹری فار مینجمنٹ رہے جبکہ جون 2017ء سے جنوری 2019ء تک انہوں نے فارن سروس کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل کے طورپر کام کیا۔ ولیم ای ٹوڈ کمبوڈیا اور برونائی کیلئے امریکہ کے سفیر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کابل میں امریکی سفارتخانے اور امریکی محکمہ خارجہ میں ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔