حج فارم نہیں بدلا، نور الحق، عمرہ زائرین پر پابندی عارضی: سعودی سفیر
اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی / نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حج فارم پر ختم نبوت کا حلف نامہ موجود ہے۔ حج فارم سے متعلق وضاحتی ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور نے کہا ہے کہ حج فارم میں ختم نبوت کا حلف نامہ موجود ہے، بینکوں سے جو فارم مل رہا ہے وہ صرف ڈیٹا فارم ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ درخواست میں ختم نبوت کا کالم اپنی جگہ موجود ہے، عازم حج وہی کہلائے گا جو ختم نبوت کے حلف نامے پر دستخط کرے گا۔نور الحق قادری نے کہا کہ ختم نبوت پر ہمارا ایمان اور عقیدہ حتمی اور اٹل ہے،حج درخواست فارم سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی معلومات درست نہیں ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے سعودی سفیر نواف بن سید المالکی سے سعودی سفارتخانے میں ملاقات کی جس میں عمرہ زائرین پر پابندی اور حج کے حوالے سے دیگر معاملات زیر بحث آئے سعودی سفیر نواف بن سید المالکی نے کہا کہ عمرہ زائرین پر پابندی عارضی طور پر ہے جن عمرہ زائرین کے ویزے کی مدت ختم ہو رہی ہے ان کے ویزا میں توسیع کر دی جائے گی انہوں نے واضح کہا کہ یہ پابندی صرف پاکستانی زائرین پر عائد نہیں بلکہ 22 اور ممالک بھی شامل ہیں عمرہ زائرین کی حفاظت کیلئے مناسب میکانزم تیار کرنے کے بعد پابندی اٹھا لی جائے گی۔