روہڑی کے نزدیک کوچ کھلے پھاٹک پر ٹرین کی زد میں آ گئی 20 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی
روہڑی /سکھر/ اسلام آباد (نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی) روہڑی کے قریب پاکستان ایکسپریس ٹرین کی مسافر کوچ کو ٹکر سے 20 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے۔ سکھر اور روہڑی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ حادثہ ریلوے پھاٹک کھلا ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ روہڑی کے قریب بیگماجی ریلوے سٹیشن کندھرا پھاٹک کے مقام پر کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کی مسافر کوچ کو ٹکر کے نتیجے میں ابتدائی رپورٹ کے مطابق 18 مسافر موقع پر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر ایدھی کے رضا کاروں اور قریب آبادی کے لوگوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کرکے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو سکھر، روہڑی کے ہسپتالوں میں پہنچایا۔ اندھیرے کے باعث امدادی کاموں میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر ضلع و ریلوے انتظامیہ کے افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ حادثے کے بعد سکھر روہڑی کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ کندھرا پھاٹک کھلا رہنے کے باعث پیش آیا۔ جاں بحق افراد میں مرد، خواتین، بچے بھی شامل ہیں۔گورنر، وزیر اعلی سندھ نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت زخمیوں کے بروقت علاج کو ممکن بنائے۔ آئے روز کے ٹرین حادثات وفاقی حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔ ایک ٹرین حادثے پر استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والے عمران خان آخر کتنے حادثوں کے بعد جاگیں گے؟۔ سیاستدانوں کے کردار کشی میں مصروف پی ٹی آئی حکام کو عوام کی زندگیوں کی کوئی فکر نہیں۔ وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان ریلوے کے مطابق حادثہ ان مینڈ لیول کراسنگ پر پیش آیا۔ حادثہ بظاہر بس ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی سے پیش آیا۔ ریلوے نے کئی بار صوبائی حکومتوں کو خط لکھے ہیں۔ ڈرائیوروں اور راہگیروں سے ٹریک احتیاط سے عبور کرنے کی درخواست ہے۔ روہڑی حادثے کی انکوائری ایف جی آئی آر کریں گے ۔
حادثے کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک معطل ہونے سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہو گئی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق کراچی سے لاہور آنے والی قراقرم ایکسپریس خیر پور میں روک دی گئی۔ ملت ایکسپریس کو سیٹھاراجہ، کراچی ایکسپریس کو بھریا روڈ روک دیا گیا ہے۔