• news

مشتاق مہر آئی جی سندھ تعینات، وفاقی کابینہ نے مظوری دیدی

کراچی(سٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت نے مشتاق مہر کو انسپکٹر جنرل(آئی جی)سندھ پولیس مقرر کردیا جبکہ کلیم امام کو انسپکٹر جنرل(آئی جی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس تعینات کردیا گیا۔ مشتاق مہر اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعیناتی کی وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دی۔ حکومت نے مشتاق مہر کو آئی جی سندھ تعینات کرنے کا نوٹیفیکشن جاری کردیا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ کابینہ نے آئی جی سندھ پولیس کلیم امام کو عہدے سے ہٹاکر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی منظوری دی تھی۔صوبائی حکومت کی جانب سے وفاق کو غلام قادر تھیبو، مشتاق مہر، کامران فضل، انعام غنی اور ثنااللہ عباسی کے نام نئے آئی جی کے لیے بھیجے گئے تھے تاہم وفاقی حکومت نے آئی جی سندھ کا تبادلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے مشروط کیا تھا۔27 جنوری کو وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات میں آئی جی سندھ کی تبدیلی پر اتفاق کیا گیا تھا۔ تاہم بعد میں وفاقی کابینہ نے آئی جی سندھ کی تعیناتی کا معاملہ وزیراعلی اور گورنر کے سپرد کردیا تھا لیکن سندھ حکومت نے کابینہ کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے گورنر سندھ سے مشاورت سے انکار کردیا تھا۔ سندھ پولیس میں آئی جی تعیناتی کے تنازعہ نے صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت کے درمیان ایک سرد جنگ کی صورتحال اختیار کر لی تھی ۔ وفاقی اور سندھ حکومت کے درمیان آئی جی کی تبدیلی کا معاملہ حل ہوگیا۔ گریڈ 22کے افسر مشتاق مہر اس وقت آئی جی ریلویز کی حیثیت میں وفاقی حکومت کے ماتحت کام کر رہے ہیں۔مشتاق مہر نے کراچی پولیس چیف کی حیثیت سے بھی 3 سال تک سندھ حکومت کے ساتھ کام کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن