• news

وزیراعظم کے انتخابات کیلئے اسمبلی اجلاس بلایا جائے، مہاتیر:سپیکر نے درخواست مسترد کردی

کوالالمپور(انٹرنیشنل ڈیسک)ملائیشیا میں سپیکر اسمبلی نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے اسمبلی اجلاس بلانے کی مہاتیر محمد کی درخواست کو مستردکردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ملائیشیا کے قائم مقام وزیراعظم مہاتیر محمد نے نئے وزیراعظم کے انتخابات کے لیے اسمبلی کا خصوصی اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کی درخواست کی تھی جسے سپیکر نے مسترد کردیا جب کہ سپیکر کی جانب سے بھی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے۔اتحادی جماعت کے ساتھ اختلافات کے بعد وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہونے والے مہاتیر محمد نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ملک کے بادشاہ نے نئے وزیراعظم کے لیے انہیں ووٹنگ کا حکم دیا ہے۔ملائیشین پارلیمنٹ کے سپیکر محمد عارف یوسف نے کہا کہ انہیں مہاتیر محمد کی جانب سے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی درخواست موصول ہوئی تھی لیکن اجلاس بادشاہ کے حکم کے بغیر نہیں بلایا جاسکتا۔اسپیکر نے کہا کہ نئے وزیراعظم کے انتخاب کے سلسلے میں اسمبلی کا خصوصی اجلاس بلانے کے لیے باضابطہ طور پر بادشاہ کے احکامات کی ضرورت ہوتی ہے لہٰذا اس طرح کے کسی بھی خصوصی اجلاس کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔خبر رساں ادارے کے مطابق قائم مقام وزیراعظم مہاتیر محمد کے ترجمان نے فوری طور پر اس حوالے سے بیان جاری نہیں کیا۔دوسری جانب ملائیشیا کے بادشاہ سلطان عبداللہ سلطان احمد شاہ نے نئی حکومت کے قیام کے سلسلے میں جمعہ کے روز ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن