• news

پٹرول، ڈیزل 5، مٹی کا تیل 7 روپے لٹر سستا، مہنگائی کم کر کے دکھائیں گے: عمران

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) حکومت عوام کو مارچ کے مہینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی۔ اس حوالے وزارت خزانہ نے منظوری دیدی اور باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں پانچ روپے کمی کر دی گئی، پٹرول کی نئی قیمت 111روپے ساٹھ پیسے ہو گئی، پرانی قیمت ایک سو سترہ روپے ساٹھ پیسے تھی - ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی پانچ روپے کمی کی گئی ایک سو ستائیس روپے پچیس پیسے سے کم کر کے ایک سو بائیس روپے پچیس پیسے کر دی گئی ہے۔ مٹی کے تیل اور لائیٹ ڈیزل کی قیمت میں میں سات روپے کمی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت ننانوے روپے پنتالیس پیسے سے کم کرکے بیانوے روپے پینتالیس پیسے کر دی گئی ہے جبکہ لائیٹ ڈیزل کی قیمت چوراسی روپے اکاون پیسے سے کم کرکے 77روپے اکاون پیسے کر دی گئی ہے۔ اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہوگا۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے کی ایڈوائس ماننے سے انکار کر دیا۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف، وزارت خزانہ، پٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانا چاہتے تھے لیکن وزیراعظم نے آئی ایم ایف اور وزارت خزانہ کا دبائو بھی مسترد کر دیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کیلئے براہ راست ہدایت دیں۔ وزیراعظم نے کہا گزشتہ حکومت پہلے ہی غریب عوام کو لوٹ چکی ہے، غریبوں کا مزید معاشی استحصال نہیں ہونے دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سمیت معاہدوں کے نتیجے میں منی بجٹ کا بھی خدشہ تھا۔ وزیراعظم کی مداخلت سے منی بجٹ نہیں آنے دیا گیا۔ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں بھی کم ہوں گی۔ قیمتوں میں کمی کیلئے ہر حد تک جاؤں گا ملک سے مہنگائی کم کرکے دکھائیں گے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ای ٹویٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ عوام کو ریلیف دینے پر یقین رکھتے ہیں مالی مشکلات کے باوجود تیل کی قیمتوں میں کمی کرنا عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کے حکومتی عزم کا عملی اظہار ہے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے باعث بنے گی۔ مہنگائی میں کمی لانا وزیراعظم کی ترجیح نمبر 1 ہے۔ عمران خان کا عوام کے ساتھ درد اور احساس کا رشتہ ہے۔ انشاء اللہ جیسے جیسے ملک کے اندر معاشی صورتحال بہتر ہوتی جائے گی اس کے ثمرات عوام کو میسر آئیں گے۔ یہی عوامی حکومت ہے، عمران خان عوام کے اعتماد پر پورا اتر رہے ہیں اور آئندہ بھی پورا تریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن