کیچ ڈراپ ہوئے ‘ قسمت نے ہمارا ساتھ نہیں دیا:شین واٹسن
لاہور(نمائندہ سپورٹس)ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل سیزن فائیو کے بارہویں میچ کے اختتام کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن نے پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کیچ ڈراپ ہوئے لیکن قسمت نے ہمارا ساتھ نہیں دیا،ملتان سلطانز کے بائولرز نے بہت اچھی پرفارمنس کی۔اگر ملتان سلطانز کی ٹیم 20سکورکم بناپاتی تو نتیجہ کچھ اورہوسکتا تھا۔ پریس کانفرنس میں کوئٹہ گلیڈی ائیٹرز کی سلطانز کے ہاتھوں شکست کے سوال پر گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی شین واٹسن نے کہا کہ یہاں کنڈیشنز کا بھی فرق پڑا ہے ،میزبان ٹیم یہاں دومیچ جیت چکی تھی اور کنڈیشنز سے واقف تھی۔ رائیلی روسو نے بہت اچھی پرفارمنس دکھائی،بدقسمتی تھی کہ ڈرافٹنگ میں روسو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا حصہ نہیں بنے۔ شائقین کے جوش وخروش سے متعلق شین واٹسن کا کہنا تھا کہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شائقین کا ہجوم اورجوش وخروش بہت حیران کن تھا،کھیل کر بہت اچھا لگا۔