ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان، جنوبی افریقہ آج مدمقابل
لاہور(نمائندہ سپورٹس )نٹرنیشنل کرکٹ کونسل ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی میں پاکستان ٹیم اپنا تیسرا میچ آج (اتوار)جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گی، کامیابی کی صورت میں پاکستان ویمنز ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن ہوجائیں گے۔کینبرا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی اور انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹیم سڈنی پہنچ گئی، جہاں ویمنز ٹیم نے بھر پور ٹریننگ کی۔گروپ بی میں شامل دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9 بجے شروع ہوگا۔ جنوبی افریقہ ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے، جو دونوں میچز میں کامیابی حاصل کر کے چار پوائنٹس کیساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی کی صورت میں پاکستان کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن ہوجائیں گے، کیونکہ پاکستان ٹیم چوتھا میچ کمزور حریف تھائی لینڈ کیخلاف کھیلے گی۔100 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والی ندا ڈار کا کہنا ہے کہ ٹیم کے لیے یہ میچ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ فاسٹ بائولر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف شکست سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے، امید ہے جو غلطیاں کیں، وہ دہرائی نہیں جائیں گی۔ پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان انگوٹھے کی انجری کے باعث ورلڈ کپ سے باہر ہوچکی ہیں،جویریہ خان ٹیم کی قیادت کریں گی۔