نواز شریف نے واپسی کا کہہ دیا تو حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول جائینگے: احسن اقبال
نارووال‘ مرید کے (نامہ نگار) احسن اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے اوپر وہ حکمران قابض ہے جس پر فارن فنڈنگ کا الزام ہے۔ ان حکمرانوں نے 6فیصد کی ترقی کو 2فیصد پر لے آئے ہیں، ہمارے 5سالوں میں 10ہزار ارب ڈالر قرضہ لیا گیا جس سے پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبہ پر لگایا گیا حکمران جماعت نے 18ماہ میں 11ہزار ارب ڈالر قرضہ لیا مگر ایک اینٹ بھی نہ لگ سکی، آج پاکستان میں بد ترین مہنگائی ہے۔ کارخانے بند ہیں۔ دوائی بھی مہنگی ہو چکی، یعنی ہر شعبہ چیخ رہا ہے اگر ہم نے معیشت اور ملک کو بچانا ہے تو ملک و قوم کے لئے جنگ لڑنا ہو گی، وہ قوم آزاد ہے جس کی معیشت مضبوط ہے مگر حکمرانوں نے معیشت میں چھیدکر دیئے ہیں، ہمیں پاکستان کو منزل پر لے جانے کے لئے جدو جہد کرنا ہو گی، ہم ہر حال پر پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کریں گے، مجھے جھوٹ کے مقدمہ میں پھنسایا گیا مگر مائوں اور بہنوں نے زندگی کی دعا مانگی اور اللہ نے مجھے سرخرو کیا، ہمارے قدموں میں لغزش نہیں آئی، آج گرفتار کرنے والے منہ چھپا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں عدالت کی جانب سے رہائی کے بعد استقبالیہ جلسہ اور ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہد خاقان عباسی اور میرے سمیت انتقامی کارروائیاں کی گئیں مگر سب جانتے ہیں کہ یہ سب سچے ہیں۔ قبل ازیں جب احسن اقبال نارووال پہنچے تو کارکن پرجوش نظر آرہے تھے، ڈھول کی تھاپ پر بھنگرے ڈال رہے تھے، احسن اقبال جب پنڈال میں پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی جبکہ ڈھلی نہر سے لیکر پنڈال میں پہنچنے تک جگہ جگہ ان کا استقبال کیا گیا۔ پنڈال میں احسن اقبال کے خطاب کے دوران ایم پی اے خواجہ وسیم بٹ نے خوب نعرے لگائے اور پنڈال نے نعروں کا جواب دیا۔ کارکنوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے۔ مسلم لیگ (ن) نارووال کے ضلعی چیئرمین ملک طارق اعوان، میاں یاسر سعید کی دعوت پر سینیٹر مصدق ملک کے ہمراہ مریدکے میں' السمیع ہومز' کا افتتاح بھی کیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عوام کے سامنے سرخرو کیا ہے اور جھوٹے الزام لگانے والے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کے کندھے دہشت گردی کے باعث جنازے اٹھا کر شیل ہو چکے تھے اور عوام بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا عذاب بھگت رہے تھے مگر عوامی قیادت کے اقدامات سے ملک ترقی کی طرف گامزن ہوا۔ دریں اثناء نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ نوازشریف نے واپسی کا کہہ دیا تو حکومت کے ہاتھ پیر پھول جائیں گے۔