قومی پرچم کی بے حرمتی، رحمان ملک کا نوٹس، سیکرٹری داخلہ، آئی جی خیبرپی کے سے رپورٹ طلب
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چئیرمین سینٹ قائمہ کمیٹی برائے داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے پاکستان کے قومی پرچم کی بے حرمتی کے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا۔ رحمان ملک نے کہا کہ سیکرٹری داخلہ و آئی جی خیبرپی کے قومی پرچم کی بے حرمتی کے واقعے کی تفتیش کرکے کمیٹی کو تین دن میں رپورٹ جمع کرائیں۔ آئندہ اجلاس میں قومی پرچم کی بے حرمتی کے واقعے پر کمیٹی کو بریفنگ دیں۔ پاکستان کے قومی پرچم کی توہین کرنے والوں کا سراغ لگا کر قانونی کارروائی کریں۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو میں پاکستان کے قومی پرچم کی توہین کرنا دکھایا گیا ہے۔ بدقسمتی ہے کہ قومی پرچم کی بیحرمتی اپنی ہی سرزمین پر ہورہی ہے۔ قومی پرچم کی توہین کرنے سے ہر محب وطن پاکستانی کی دل آزاری ہوئی ہے۔