افغان امن مجید نظامی کے نعرہ’’افغان باقی کہسار باقی الحکم اللہ الملک اللہ‘‘ کی فتح
لاہور (ندیم بسرا) مجید نظامی کی زیر قیادت نوائے وقت گروپ نے افغانستان سمیت پوری امت مسلمہ کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ اور امن کے قیام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ وطن پرستی سے سرشار غیور افغان ہر دور میں ہر محاذ میں کامیاب ہوئے ہیں اور افغانیوں کا ماضی بھی اپنی سرزمین کے تحفظ کے معاملہ میں تابناک ہے۔ نوائے وقت خطے کا واحد اردو اخبار ہے جو ہر دور میں مسلمانوں کے نظر یات، اصول اور امن کا داعی رہا ہے۔ بہت سارے دبائو کے باوجود نوائے وقت اپنے مشن کو جاری رکھے رہا۔ افغان باقی کہسار باقی کی نقل دوسرے اخبارات نے بھی شروع کردی ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق 2001 میں نائن الیون کے واقعے کے بعد جب امریکہ نے اپنی فوجیں افغانستان میں اتاریں تو مجید نظامی کی زیرقیادت نوائے وقت نے ’’افغان باقی کہسار باقی، الحکم للہ الملک للہ‘‘ کا نعرہ لگایا اور حق سچ کیلئے افغانیوں کا ساتھ دیا۔ نوائے وقت کا انیس برس سے لکھنے کا عمل آج امر یکہ اور طالبان کے در میان تاریخی امن معاہدہ اسی نعرے اور فلسفے کی فتح کو تازہ کرتا ہے۔ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان مفاہمت بھی اس کی ایک کڑی ہے۔ ادارہ نوائے وقت کے نعرے اور علامہ اقبال کے اس شعر افغان باقی کہسار باقی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے پاکستان کے باقی اخبارات بھی اس نعرے کی نقل کرنا شروع ہوگئے ہیں۔ افغان باقی کہسار باقی نوائے وقت کی علامت ہے اس کو دوسرے نہیں چرا سکتے۔ افغان باقی کہسار باقی لکھنے کا سہرا نوائے وقت کو ہی جاتا ہے کہ نوائے وقت کے جلائی ہوئی شمع کی روشنی سے دوسرے اخبارات، میڈیا بھی مستفید ہورہے ہیں۔ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے پورے خطے میں ڈٹ کر آواز بلند کرنے والے مجید نظامی ہی ہیں۔ وہ اگر زندہ ہوتے تو امن معاہد ہ پر وہ بہت خوش ہوتے کیونکہ ان کے مشن کی بھی جیت ہوئی ہے اور تاریخ میں ان کے کردار کو تاقیامت یاد رکھا جائیگا۔ اور ہم سب مجید نظامی اور نوائے وقت کو تقر یباً 19برس تک ’’افغان باقی کہسار باقی، الحکم للہ الملک للہ‘‘ کے نعرے کو جرات کیساتھ لیکر چلنے پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جے یوآئی (ف) کے مر کزی رہنما مولانا امجد خان نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدہ دراصل امن حق اور سچ کی کامیابی ہے اور اس کامیابی میں اور بہت سے لوگوں کا کردار ہوگا مگر مجید نظامی اور نوائے وقت نے آمروں سمیت بہت سے حکمرانوں اور طاقتوں کے دبائو کے باوجود جو کلمہ حق جاری رکھا ہے اس کا سب سے زیادہ کردار ہے اور انشاء اللہ پاکستانی اور افغان عوام کے ساتھ ساتھ تاریخ بھی مجید نظامی اور نوائے وقت کا کردار بھی تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ موجود رہے گا۔