• news

افغان امن معاہدہ: عمران کو نوبل انعام دیا جائے، چودھری سرور: مطالبہ ٹویٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ

لاہور+ لندن (نیوز رپورٹر‘ عارف چودھری‘ آئی این پی) وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ عمرا ن خا ن نے افغان امن معاہدے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے۔ گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ افغان امن کیلئے عمران خان کی قیادت میں پاکستان کا تاریخی اور فیصلہ کن کردار ہے، طالبان امریکہ امن معاہدہ وزیراعظم عمران خان کے اصولی موقف کی جیت ہے، اس لئے عمران خان ہر لحاظ سے امن کے نوبل انعام کے حقدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے دنیا افواج پاکستان کی قربانیوں کی بھی تعریف کر رہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف بھر پور جنگ لڑنیوالی افواج پاکستان پر ہمیں فخر ہے۔ پاکستان کی مخلص کوششوں کی وجہ سے ہی افغانستان میں19سالہ جنگ کا خاتمہ ہو رہا ہے، پاکستان پورے خطے میں امن کا حامی ہے کیونکہ اس سے ترقی اور خوشحالی آئیگی۔ بھارت کے جنگی جنون کے خلاف بھی وزیر اعظم عمران خان نے امن کا پیغام دیا۔ پاکستان آج بھی امن کی بات کر رہا ہے بھارت کو بھی چاہیے کہ وہ بندوق اور گولی سے مسئلہ کشمیر کو حل کر نے کی بجائے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کوحل کر ے اور بھارتی مسلمانوں پرمظالم کا سلسلہ بھی بند کیا جائے ورنہ بھارتی رویہ کی وجہ سے خطے میں امن کو شدید خطرات لاحق رہیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن