امریکہ ہانگ کانگ میں چین مخالف افراد کی حمایت بند کرے : بیجنگ
ہانگ کانگ(شِنہوا)ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے (ایچ کے ایس اے آر) میں چینی وزارت خارجہ کے کمشنر دفتر نے ہفتہ کے روز امریکہ پر زور دیا ہے کہ وہ ہانگ کانگ میں چین مخالف اور مشکلات پیدا کرنے والے مشتبہ افراد کی حمایت فوری بند کرے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے جمی لائی چھی ینگ کیخلاف ہانگ کانگ پولیس کی حالیہ قانونی کارروائی پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔کمشنر دفتر نے ہفتہ کی رات کو جاری بیان میں امریکہ کے اس عمل پر سخت غصے اور ناراضگی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ امریکہ انسانی حقوق اور آزادی اظہار کی آڑ میں ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ حکومت کی قانون پر مبنی حکمرانی پر انگلیاں اٹھا رہا ہے جو ہانگ کانگ کے معاملات اور ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے کے قانون اور عدالتی آزادی میں کھلی مداخلت ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہانگ کانگ قانون کی حکمرانی کے تحت چلنے والا شہر ہے جہاں کوئی بھی قانون سے بڑھ کر نہیں اور تمام افراد کو اپنے اعمال کی قانونی ذمہ داری لینی چاہیئے۔