ویمنزٹی 20 ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ شکست، پاکستان سیمی فائنل دوڑ سے باہر
لاہور(سپورٹس رپورٹر )آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد سیمی فائنل سے باہر ہوگئی ‘فاتح ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔ جنوبی افریقہ نے 6 وکٹوں پر 136 رنزبنائے۔ قومی ویمنز ٹیم 5 وکٹوں پر 119 رنز ہی بناسکی۔جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کی کپتان ڈین نی کریک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ نے 17 کے مجموعی سکور پر حریف ٹیم کی دونوں اوپنرز کو پویلین واپس بھجوادیا۔ ماریزانے کاپ اور لاورا وولوارٹ نے فائٹ بیک شروع کیا۔ ماریزانے کاپ 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں مگر لاوراوولوارٹ 36 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 53 رنزبناکر ناقابل شکست رہیں۔حریف ٹیم کی کوئی اور بیٹر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکی۔ ڈو پریز 17، سونے لوس 12اورکلوئے ٹائرون10 رنزبناکر آؤٹ ہوئیں۔ پاکستان کی ڈیانا بیگ نے 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انعم امین، عروب شاہ، ندا ڈاراور ایمن انور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اننگز کا متاثرکن آغاز کرنے میں ناکام رہی اور محض 72 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ کپتان جویریہ خان 31 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئیں۔ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والی آل راؤنڈر عالیہ ریاض نے ارم جاوید کے ہمراہ 47 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی تاہم دونوں بیٹرز جارحانہ انداز اپنانے کے باوجود قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہیں۔ عالیہ ریاض32گیندوں پر 39رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہیں جبکہ ارم جاوید 17 رنزبناکرناٹ آؤٹ رہیں‘قومی ٹیم 5وکٹوں پر 119رنز بناسکی۔جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل،ڈین نی کریک اورمابا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں شاندار نصف سنچری سکور کرنے پر جنوبی افریقہ کی بیٹر لاوراوولوارٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ گروپ بی میں شامل پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم اپناآخری میچ تین مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ آسٹریلیامیں جاری ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 46رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ انگلینڈ ویمنز ٹیم نے 5وکٹوں پر143رنز بنائے ۔ ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم 97رنز پر ڈھیر ہو گئی ۔ گروپ بی میں انگلینڈ اور جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔ گروپ اے میں بھارت کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے جبکہ دوسری ٹیم کا فیصلہ ہونا باقی ہے ۔ آسٹریلیااور نیوزی لینڈ ٹیموں کے چا ر چار پوائنٹس ہیں اور ایک ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر ے گی ۔ ویسٹ انڈیز ‘سری لنکا ‘بنگلہ دیش ‘تھائی لینڈ کی ٹیمیں بھی ایونٹ سے باہر ہوگئیں ۔