• news

پی ایس ایل: کراچی نے اسلام آباد کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور(سپورٹس رپورٹر )کراچی کنگز نے پاکستان سپرلیگ 2020 کے 14 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیئے گئے 184 رنز حاصل کرکے 5 وکٹوں سے کامیابی سمیٹ لی۔راولپنڈی سٹیڈیم میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو فتح کیلئے 184رنز کا ہدف دیا ۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو کولن منرو صرف ایک رن بناکر محمد عامر کی وکٹ بن گئے۔ رضوان حسین نے لیوک رونکی کیساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی، عمر خان کے پہلے ہی اوور میں رضوان وکٹ دے بیٹھے۔کولن انگرام نے بھی چھکا اور چوکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن 16رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔77رنز پر 3وکٹیں گرنے کے بعد رونکی کا ساتھ دینے کپتان شاداب خان آئے اور دونوں نے آخری 10اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں نے ناقابل شکست 106رنز کا اضافہ کیا جس کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اسکور بورڈ پر تین وکٹوں پر 183رنز کا مجموعہ سجانے میں کامیاب رہی۔ شاداب نے 54جبکہ رونکی نے85ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پہلی وکٹ بابراعظم کی گری جو صفر پر آوٹ ہوئے جس کے بعد شرجیل خان نے 5 اوورز میں سکور کو 58 رنز تک پہنچایا اور اس دوران ڈیل سٹین کو بلند و بالا چھکے بھی لگائے۔شرجیل خان 58 کے مجموعے پر 38 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ کیمرون ڈیل پورٹ 38 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جنہیں ڈیل سٹین نے آوٹ کیا جس کے بعد الیکس ہیلز بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور نصف سنچری مکمل ہوتے ہی آوٹ ہوگئے۔الیکس ہیلز 52 رنز بنا کر احمد صفی عبداللہ کو وکٹ دے بیٹھے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے فیلڈرز نے اپنی ٹیم کو جلد ہی ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے افتخار احمد کو رن آوٹ کردیا۔افتخار احمد صرف ایک رن بنا سکے۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے 19 ویں اور کی ابتدائی دو گیندوں میں باونڈری حاصل کرکے 14 رنز کا حصول نہایت آسان بنادیا اور تیسری گیند پر ایک رن حاصل کیا جس کے بعد چیڈ والٹن نے ہدف کو عبور کرنے کے لیے چوکا لگایا۔کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور کی چوتھی گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 187رنز کر حاصل کرلیا۔عماد وسیم نے ناقابل شکست 32 اور چیڈ والٹن نے 23 رنز بنائے۔الیکس ہیلز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس کر وکٹ میں موجود نمی کا فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔کراچی کنگز نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈیل سٹین اور رضوان حسین کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں پشاورزلمی اور کراچی کنگز کے درمیان میچ آج راولپنڈی میں کھیلا جائیگا ۔ شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شام سات بجے شروع ہوگا ۔پشاور زلمی کی قیادت ڈیرن سیمی جبکہ کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کرینگے ۔ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونایٹڈ کی ٹیمیں کے درمیان میچ بارش کے باعث گزشتہ روز نہ کھیلا جا سکا۔ پانچواں میچ 2 مارچ کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز، چھٹا میچ 5 مارچ کو پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ائٹرز ، ساتواں میچ 7 مارچ کو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائیگا۔ جبکہ راولپنڈی میں 8واں اور آخری میچ 8 مارچ کو ملتان سلطان اور اسلام یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن