• news

ملتان شہر دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے: اینڈی فلاور

لاہور(سپورٹس رپورٹر) زمبابوے کے سابق کرکٹر اور ملتان سلطانز کے کوچ اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ ملتان شہر دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک ہے، یہاں کے لوگوں نے پاکستان سپر لیگ کا بھرپور استقبال کیا۔ سابق کرکٹر نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہوم کراؤڈ کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملتان سٹیڈیم میں 80ہزار شہریوں نے پی ایس ایل کا شاندار استقبال کیا۔24،800افراد کی گنجائش رکھنے والے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شائقین نے نہ صرف ہوم سائیڈ بلکہ دیگر ٹیموں کی بھی حمایت کی۔اینڈی فلاور نے کہا کہ ملتان میں ہمارا قیام ملتان کے لوگوں کی گرم جوشی اور مہمان نوازی کی بدولت یادگار رہا۔ ان تینوں کھیلوں میں شائقین کی بھرپور شرکت غیر معمولی تھی اور مجھے امید ہے کہ ملتان کے شائقین ان پرفارمنس پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ تمام میچوں میں سٹیڈیم کا ماحول بہت زبردست تھا اور شائقین نے کھیل کے لئے بہت محبت کا مظاہرہ کیا۔ میں اس مقام کو یقینی طور پر دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک کے طور پر درجہ دوں گا اور جلد ہی ملتان واپس آنے کا منتظر ہوں۔ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور کا کہنا ہے کہ ملتان میں ان کا مختصر قیام ایک یاگار لمحہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کی گرمجوشی اور بھرپور مہمان نوازی نے سکواڈ میں شامل تمام اراکین کے دل جیت لیے ہیں۔ اینڈی فلاور نے کہاکہ میزبان ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کیلئے شائقینِ کرکٹ کا ایک بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے پر تمام کھلاڑی پرجوش تھے۔ دوران میچ مداحوں سے کھچا کھچ بھرے سٹیڈیم کا ماحول شاندار تھا۔ وہ ملتان کرکٹ سٹیڈیم کو دنیا کے چند بہترین سٹیڈیمزمیں شمار کرتے ہیں اور وہ جلد یہاں واپسی کیلئے پرامیدہیں۔

ای پیپر-دی نیشن